نیویگیشن کا علم اورآف روڈ ریسنگ میں معاون ڈرائیورکی اہمیت
Blog Single

نیویگیشن کا علم اورآف روڈ ریسنگ میں معاون ڈرائیورکی اہمیت

سمندر میں نیویگیشن کے لئے جیسے باقاعدہ  اصول، ٹیکنیک، آلات اورنقشہ جات بروئےکارلائے جاتے تھے، ایسےنیویگیشن نےآف روڈ میں بھی  بطورباقاعدہ ایک علم کی شکل اختیار کرلی ہے-

احمدبن عبدالرحمن

عصرِ حاضر میں آف روڈ ریسنگ کاشمار دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں ہوتا ہے اور مختلف ممالک میں یہ کھیل شہرت کی بلندیوں کو چھورہا ہے- کوالٹی ریس، سازگار ماحول اور ریس کے معیاری طریقہ کار( SOPs )اور اصول و ضوابط میں ڈرائیور کے ساتھ کامیاب معاون ڈرائیوربھی آف روڈ ریس کا اہم جزو ہے- باالفاظِ دیگر آف روڈ ریلی میں ڈرائیور، معاون ڈرائیور کےبغیر نہ تو کامیابی سے ٹریک مکمل کرپاتا ہے اور نہ ہی فتح سے ہمکنار ہوسکتا ہے- کو-ڈرائیوربنیادی طور پر ریسر کو نیویگیٹ Navigate) (کرتا ہے اسلیے اسے نیویگیٹر کہتے ہیں-

 معاون ڈرائیور یا نیویگیٹر کی تعریف آسان الفاظ میں اس طرح کی گئی ہے:

“The navigator in the sport of rally racing, who sits in the front passenger seat and gives directions to the driver.

یعنی ایسا شخص جو آف روڈ ریس میں ڈرائیور کے ساتھ بیٹھ کر اسے ڈائریکشن(سمت) دیتا ہے کہ ٹریک کو بھانپتے ہوئے گاڑی کیسے چلانی ہے- یہ نیویگیشن میپ(Navigation Map) کے ذریعے ٹریک کےاتار چڑھاؤ، ٹریک کی رکاوٹو ں اور صحیح سمت سے ڈرائیور کو آگاہ کرتاہے- یوں کہہ لیں آف روڈ ریسنگ میں ڈرائیور کی فتح یا شکست کا انحصارمعاون ڈرائیور پر ہوتا ہے کیونکہ ڈرائیور، معاون ڈرائیور کے اشاروں پر گاڑی دوڑارہاہوتا ہے- اسی لیے ایک اچھا اور تجربہ کار معاون ڈرائیور فتح کو یقینی بناتاہے-

اوائل میں سمندر میں نیویگیشن کے لئے جیسے باقاعدہ  اصول، ٹیکنیک، آلات اورنقشہ جات بروئےکارلائے جاتے تھے، جن کی جگہ آج کی جدیددنیا میں جدید الیکٹرونک اورٹیکنالوجیکل آلات نےلےلی ہے- آف روڈسپورٹس کے آنے کے ساتھ آف روڈنیویگیشن نے آف روڈ میں بطورباقاعدہ ایک علم کی شکل اختیار کرلی ہے- آف روڈ نیویگیشن میں ایک باقاعدہ زبان  پنپ چکی ہے-مختلف طرح کے مختصر الفا ظ متعارف کروائے گئے ہیں  تاکہ مختصر وقت میں معاون ڈرائیور اپنے ریسرکو بتا سکے- اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے کہ بہت سے ریسر اور معاون ڈرائیور اپنے مخصوص الفاظ بھی  ترتیب دیتے ہیں جوان کےلئے آسان ،قابل تفہیم اور Synchronization  کے مطابق ہوں-

ریکی کے دوران ڈرائیور اپنے معاون ڈرائیور کے ساتھ ٹریک کا اچھی طرح جائزہ لیتا ہے جس دوران معاون ڈرائیور ٹریک کے خطرات اور اتار چڑھاؤ کو بھانپتے ہوئے پوائنٹس نوٹ کرتا ہے جو ریس میں فتح کا باعث بنتے ہیں- بعض دفعہ کو-ڈرائیورکا کام راستے میں تکنیکی خرابی کے دوران گاڑی کی معاونت بھی ہوتا ہےاس لیےکو-ڈرائیور اگر میکینک بھی ہوتو یہ سونے پر سہاگہ ہوتا ہےجوایک ہی وقت میں ڈرائیوراور گاڑی دونوں کا معاون ثابت ہوتاہے-

ایک ذہین، اعصاب پر کنٹرول رکھنے والا، بلند حوصلہ والا، جلد فیصلہ کرنے والا اور حاضردماغ کو-ڈرائیورہی ایک اچھا نیویگیٹرہوتا ہے

معاون ڈرائیور، ریسر کی آنکھ کی مانند ہوتا ہے، جس طرح ایک آنکھ کی بینائی سے مکمل طور پر نہیں دیکھا جاسکتا، اسی طرح ریس کے میدان میں ڈرائیور نیویگیٹر کے بغیر ایک آنکھ کی مانند ہوتا ہےاور ٹریک کو واضح اور شفاف انداز میں دیکھنے کے لئے ریس کے میدان میں ڈرائیور کے ساتھ کو-ڈرائیور کا ہونا ضروری ہے- جہا ں ایک ڈرائیور کی مہارت گاڑی کو بھگانا، گاڑی کو کنٹرول کرنا، اس کی رفتار کو بڑھانا یا کم کرنا اورگاڑی کو اپنے قابو میں رکھناہوتا ہے، اسی طرح معاون ڈرائیورکی مہارت یہ ہے کہ وہ ڈرائیور کوبروقت لمحہ بہ لمحہ ٹریک سے باخبر رکھتا ہے کہ کہاں گاڑی آہستہ کرنی ہے، کہاں رکنا ہے، کہاں ٹریک دشوار ہے، کہاں ایکسلیٹر دبا نا ہے اور ڈرفٹ لگا کر گاڑی کو ہوا میں اچھا ل کر شائقین کو محظوظ کرنا ہے-

یہ سچ ہے کہ ریس میں معاون ڈرائیورپر بھاری ذمہ داری ہوتی ہےجو ڈرائیورکے عزم اور قوتِ ارادی کو بڑھاتا اور اسکی حوصلہ افزائی کرتا ہے کیونکہ اگر ڈرائیور کا عزم مضبوط ہے تو وہ گاڑی کی ہارس پاور کا صحیح استعمال کر سکتا ہے- مزیدیہ کہ ایک ذہین، اعصاب پر کنٹرول رکھنے والا، بلند حوصلہ والا، جلد فیصلہ کرنے والا اور حاضردماغ معاون ڈرائیورہی ایک اچھا نیویگیٹرہوتا ہے-

معاون ڈرائیورکی اہمیت پرآف روڈ ریسرزکے خیالات

آئیے ! آف روڈ ریس کی چند نامورشخصیات کے معاون ڈرائیور کے بارے میں خیالات جانتے ہیں کہ آخر ڈرائیور کے ساتھ بیٹھا یہ شخص(معان ڈرائیور) ریس کے میدان میں اس قدر اہم کیوں ہے- یہاں تک کے ریس کے انتہائی تجربہ کار کھلاڑیوں (ریسرز) کو بھی اپنے ساتھ ایک معاون ڈرائیور کی ضرورت ہوتی ہے-

پاکستان کے آف روڈ لیجنڈ میر نادر خان مگسی ریلی میں معاون ڈرائیور کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ:  اصل ریس کو-ڈرائیور کے ساتھ ہی ہوتی ہے- ہم 70 یا 80 فٹ آگے دیکھ سکتے ہیں لیکن کو-ڈرائیور تین یا چار میل تک آگے دیکھ سکتا ہےاورہمیں ٹریک سےآگاہ کرتا ہے-

اسی طرح ریس کے سلطان، صاحبزادہ سلطان کہتے ہیں: کو-ڈرائیور کے بغیر ریس کرنا نا ممکن ہے، کو-ڈرائیور ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتا ہے، آپ کو-ڈرائیور کے ساتھ مل کر اپنی ریس کی حکمتِ عملی بناتے ہیں، معاون ڈرائیور کے ساتھ ڈرائیور کی ذہنی یکسانیت کا ہونا بہت ضروری ہے-

مایہ نازریسر رونی پٹیل کا معاون ڈرائیورکے بارے میں کہنا ہے کہ: کو-ڈرائیورکاکرداربہت اہم ہے، دونوں(ڈرائیوراور معاون ڈرائیور)آپس میں ایک فیملی کی طرح چل رہےہوتےہیں-

معروف ریسر آصف فضل چوہدری کہتے ہیں کہ: ڈرائیووراورکو-ڈرائیورگاڑی کےدوپہیےکی طرح ہوتےہیں-

نواجوان ریسر زین محمود بیان کرتے ہیں کہ:  جب گاڑی چلتی ہے تو کار، ڈرائیور اور کو-ڈرائیور ایک ہو کر چلتے ہیں تو ہی پرفارمنس آتی ہے-

عادل نعیم کےخیال میں: کو-ڈرائیور کا بہت بڑا کردار ہوتاہے جیسے کہ  بڑی شارٹ ٹرنزاور  بڑی کلوز کالزسےآپکو بروقت آگاہ کرتا ہے -

نئےریسر شہباز نیازی کا ماننا ہے کہ : ریسرتواسٹییرنگ پے بیٹھا ہوتاہے اس کو گاڑی ہینڈل کرنی ہے-ٹریک کی انفارمیشن ہمیں اپنے کو-ڈرائیور سے مل رہی ہوتی ہے-

بی سٹاک  کیٹگری کی  پہچان سلطان بہادر عزیز کا کہنا ہے کہ: کو-ڈرائیور کا بہت کردار ہے- دورانِ ریکی آپ نے کسی پوائنٹ کومیڈیم نوٹ کیا ہوا ہےتو وہ صرف سپیڈی بتا دے تو یقینا آپ کوئی نہ کوئی توڑ پھوڑ کریں گے-

مزید خاتون ریسر تشنہ پٹیل کہتی ہیں کہ: کو-ڈرائیورآپ کو ذہنی طور پر تیار کرتا ہےکہ کس طرح گاڑی کی رفتار بڑھا نا، کم کرنا اور کس طرح گاڑی کو کنٹرول کرناہے-

الغرض! آف روڈ ریسنگ میں ڈرائیور، معاون ڈرائیو ر کے بغیر ادھورا ہے- اسی لیے ہر ڈرائیور کو ایک بہترین اور چاق و چوبند معاون ڈرائیور کی ضرورت ہوتی ہے جواس کی شکست کو فتح میں بدلنے کا ہنر رکھتا ہواور اپنی معاونت کا کردار نبھانے سے بخوبی واقف ہو- ہرآف روڈ ریسر کیلئے ضروری ہےکہ ریلی میں معیاری ریس اور فتح کے حصول کیلئےتجربہ کار کو-ڈرائیور کا انتخاب کرےجسے اعصاب اور جذبات کےپر کنٹرول کے ساتھ ٹریک کے اتار چڑھاؤ پربھی گرفت ہو- پاکستان میں آف روڈ ریسنگ کمیونٹیز کو بہترین ڈرائیور کے ساتھ ساتھ اچھے معاون ڈرائیورپیدا کرنےکیلئےبھی کاوشیں کرنی چاہییں-

پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ