نسان ٹائٹین2020ء: جدید ٹیکنالوجی سے لیس طاقتورپِک اَپ ٹرک
عبدالباسط
تعارف وتاریخ:
جاپانی کمپنی نِسان (Nissan) کا شمار دُنیا کی دس بہترین گاڑیاں بنانے والی کمپنیز میں کیا جاتا ہے- جو ملٹری ٹرک، لگژری گاڑیاں، ریسنگ کاریں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیاں بنانے میں اپنی مثال آپ ہے- ویسے تو نِسان گروپ 1911ء میں قائم ہوا جس نے اپنی پہلی کار ڈیٹ (DAT) کی نام سے متعارف کروائی جو کہ اِس کمپنی کے انویسٹرز کے سر نیم کامخفف (Abbreviation) تھا- 1928ء میں یوشی سوکی ایکوا (Yoshisuke Aikawa) نے جاپان میں پہلی مرتبہ نیہون سینگیو (Nihon Sangyo) نامی کمپنی کی بنیاد رکھی اور ٹوکیو سٹاک ایکسچینج (Tokyo Stock Exchange) میں نِسان Nissan کے نام سے درج کروائی جو کہ جاپانی زبان میں نیہون سینگیو کامخفف تصور کیا جاتا ہے- اوائل میں اِس کمپنی میں فاؤنڈریز اور آٹوپارٹس بنانے کا کام کیا جاتا تھا- جاپانی زبان میں نِسان کو زائیبیٹسو (Zaibatsu) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے- جاپان میں زائیبیٹسو کا لفظ بڑے بڑے کاروبار کے لئے بولا جاتا ہے جس میں اِنڈسٹریل اور فنانس سے متعلقہ شعبے شامل ہیں- زائیبیٹسو میں ایسی بڑی بڑی کمپنیاں بھی شامل کی جاتی ہیں جنہوں نے جنگ عظیم اوّل اورجنگ عظیم دوم میں جاپان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا-اس طرح نِسان کمپنی کا شمار جاپان کی اُن کمپنیوں میں بھی ہوتا ہے جِس نے مشکل وقت میں جاپانی معیشت کو سہارا دیا-
نِسان کی مزید دو ذَیلی شاخیں ٹوباٹا کاسٹِنگ (Tobata Casting) اور ہیٹیچی (Hitachi) بھی ہیں- 1933ء میں ڈَیٹ جیدوشا سیزو (DAT Jidosha Seizo) آٹوموبیل کمپنی کو نِسان کی اِسی ذَیلی کمپنی ٹوباٹا کاسٹِنگ میں شامل کر دیا گیا جس میں گاڑیاں تیار کی جاتی تھیں- اِس کمپنی کی شمولیت کے بعد نِسان نے گاڑیاں بنانے کا باقاعدہ آغاز کیا- تاریخ گواہ ہے کہ نِسان نے نہ صرف جاپان بلکہ پوری دُنیا کو اچھی، خوبصورت، تیزرفتار، طاقتور اور مضبوط گاڑیاں فراہم کیں- نِسان کا صدر دفتر یوکوہاما (Yokohama) جاپان میں ہے جو نہ صرف خود گاڑیاں تیار کرتی ہے بلکہ دیگر کمپنیوں مثلاً فورڑ (Ford)، الفارومیو (Alfa Romeo)، جنرل موٹرز (General Motors)، ایل ڈی وی (LDV)، رینالٹ (Renault) وغیرہ کے ساتھ ملکر مختلف پروجیکٹس پر کام کرتی ہے- اِن کے علاوہ بھی بے شمار ایسے گروپس ہیں جو نِسان کے اِشتراک سے نہ صرف گاڑیاں بلکہ عمارتیں، جہاز اور دیگر شعبوں میں بھی کام کرتے ہیں- نِسان مختلف برینڈز کے ساتھ گاڑیاں تیار کرتی ہے جن میں نِسان (Nissan)، ڈَیٹسن (Datsun)، اِنفینیٹی (Infiniti) اور نِسمو(Nismo) شامل ہیں جن کا ذکر ذیل میں کیاگیا ہے:
نِسمو (Nismo):
نِسمونسان موٹرسپورٹ اِنٹرنیشنل لمیٹڈ (Nissan Motorsport International Limited) کا مخفف ہے جو نِسان گاڑیوں کی ٹیوننگ اور پرفارمنس کو بہتر بنانے پر کام کرنے والی ایک ذیلی کمپنی ہے- اِس کمپنی کی ذمہ داریوں میں نِسان گاڑیوں کی ٹیوننگ اور ریسنگ کے حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے نئی گاڑیاں تیار کرنا اور شائقین کو مضبوط، تیز رفتار اور خوبصورت گاڑیاں فراہم کرنا ہے- اِس کا صدر دفتر کیپ سٹی (Cap City) جاپان میں ہے جِس کی بنیاد 1984ء میں نِسان کی دو ذیلی کمپنیوں کو یکجا کر کے رکھی گئی- یہ کمپنی ریسنگ کارز بنانے کے حوالے سے نہ صرف مشہور ہے بلکہ کئی میدانوں میں کامیابیوں کے جھنڈے بھی گاڑھ چکی ہے- نِسمو کی تیار کردہ گاڑیاں بے شمار ریسز میں حصہ لیتی ہیں جِن میں جے ایس پی سی (JSPC)، جے ٹی سی سی (JTCC)، 24 آور لی مین (24 Hours Le Mans)، 24آور ڈے ٹونا (24 Hours of Daytona)، سُپر جی ٹی (Super GT)، بلانسپین جی ٹی سیریز (Blancpain GT Series) اور ویدر ٹیک سپورٹس کار چیمپئن شپ (Weather Tech Sports Car Championship ) شامل ہیں- اس کے علاوہ یہ کمپنی نِسان گاڑیوں کیلئے ایروڈائنامک (Aerodynamics) پارٹ، سپائلر (Spoilers)، ڈفیوزر (Diffusers)، الائے وہیل، اِنجن اور سسپینشن (Suspension) بھی تیار کرتی ہے-
نِسان ٹائیٹین:2020ء(Nissan Titan)
نِسان نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آف روڈنگ شائقین کے لئے پِک اَپ ٹرک کا خاص ماڈل تیار کیا جِسے نِسان ٹائیٹین 2020 کا نام دیا گیاہے- یہ گاڑی طاقت اور خوبصورتی کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے جسے نِسان نے طاقتور اور جنگجو (Powerful Warrior) کے نام سے منسوب کیا ہے جو نہ صرف اپنی ساخت بلکہ رفتار میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتی- اس گاڑی کا 6.5 لیٹر V8 اِنجن 400 ہارس پاور کی طاقت مہیا کرتا ہے جو آف روڈنگ کے شائقین کو ہر طرح سے لُطف اندوز کرتا ہے- نِسان نے اپنے کسٹمرز کی آسانی کیلئے اِس ماڈل میں پانچ ٹرم لیول (Trim Level) متعارف کروائے ہیں جو ساخت اور بناوٹ کے اعتبار سے تو مختلف ہیں لیکن مکینیکلی اور ٹیکنیکلی ایک جیسے ہیں- اِن ماڈلز میں ایس (S)، ایس وی (SV)، پرو فور ایکس (Pro-4X)، ایس ایل (SL) اور پلاٹینم (Platinum) شامل ہیں- اِن تمام ماڈلز کو رنگ، رِم ڈیزائن، ٹیل گیٹ، اندرونی و بیرونی ساخت اور فرنٹ بیک لائٹس کی بُنیاد پر ایک دوسرے سے جُدا کیا جا سکتا ہے جبکہ تمام گاڑیوں میں ایک ہی اِنجن یعنی V8 کا اِستعمال کیا گیا ہے- اِس ٹرک کی سامنے ٹی شیپ (T-Shape) گرل جِس کے ایک کنارے پر ٹائیٹین لکھا گیا ہے جو اس کی پہچان تصور کی جاتی ہے جبکہ ایل ای ڈی لائٹس اور خوبصورت بمپرز گاڑی کی شان میں مزید اِضافہ کرتے ہیں- یہاں ہم پلاٹینم ریزرو (Platinum Reserve) کا بغور جائزہ لیں گے کہ نسان نے اپنے اس پِک اَپ ٹرک میں کون کون سی خصوصیات شامل کی ہیں -نِسان کا یہ 2020 ماڈل کشادہ، لمبا، چوڑااور پہلے سے زیادہ مضبوط سمجھا جاتا ہے جو خاص طور پر آف روڈنگ کے لئے تیار کیا گیا ہے اور ہر طرح کی سختی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے-
نِسان ٹائیٹینکی مثالی خصوصیات
انجن( (Engine:
نِسان کے اِس ماڈل میں) V8 5.6L ( انجن اِستعمال کرنے کے ساتھ ای ٹارک (e-Torque) سسٹم لگایا گیا ہے جو کہ 413 lb-ft ٹارک پیدا کرتا ہے-جس کی خصوصیت یہ ہے کہ لوڈ اور ضرورت کے مطابق گاڑی اپنےانجن کے والو بند کر لیتی ہے چاہے وہ آف روڈ ہو یا آن روڈ جو کہ فیول کی بچت کا باعث بنتا ہے-
پاور ٹرین((Powertrain:
اِس سیکنڈ جنریشن ٹرک میں نائین سپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن ( Nine-Speed Automatic Transmissions) لگائے گئے ہیں جس سے گاڑی کو چلانا اور کنٹرول کرنا آسان ہو جاتا ہے اور گاڑی کو ہر طرح کے روڈ پر بہتر کارگردگی دکھانے میں آسانی ہوتی ہے-
ڈِسپلے ٹچ سکرین( Display Touch Screen):
اِس ٹرک میں 8 اِنچ کی ٹچ سکرین لگائی گئی ہے جس میں بے شمار خصوصیات اور ایپلیکیشنز موجود ہیں جِنہیں ڈرائیور اپنی ضرورت کے تحت اِستعمال کرسکتا ہے- اِس کے علاوہ اِنتہائی آسان نیویگیشن سسٹم اور نیویگیشن مَیپ گرافِکس بھی شامل کئے گئے ہیں-
ساؤنڈ سسٹم Sound System)):
نِسان کے اِس ماڈل میں485 واٹ فینڈر آڈیو سسٹم (Fender Audio System) کے ساتھ 12 سپیکر لگائے گئے ہیں جو اندر بیٹھے لوگوں کو پوری طرح محظوظ کرتا ہے-
یو اَیس بی) (USB:
ملٹی فنگشن یو اَیس بی پوٹس بھی لگائی گئی ہیں-
360 ڈگری کیمرہ سسٹم
اِس گاڑی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اِس میں ایسا کیمرہ لگایا گیا ہے جو 360 ڈگری یعنی گاڑی کے چاروں اطراف دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے جِس سے ڈرائیور باآسانی اپنے اردگرد ماحول کا جائزہ لے سکتا ہے-
گرل اور لائیٹس (Grill and Lights):
نِسان کے اِس ماڈل کی گرل اِنتہائی خوبصورت اور دِلکش ہے جِس میں 'NISSAN' کے ساتھ ایک کونے میں ٹائیٹین “Titan” بھی لکھا ہوا ہے- اس کے فرنٹ اور بیک میں ایل ای ڈی (LED) لائیٹس لگائی گئ ہیں جِن میں دوہرے (Fog and Tail Lamp) لیمپ اِستعمال کئے گئے ہیں-
ٹیل گیٹ(Tailgate):
ٹرک کا پچھلا دروازہ خوبصورت اور مضبوط بنا ہوا ہے جو آٹومیٹک سسٹم کے تحت گاڑی کے اندر سے ہی بٹن دبانے پر کُھل جاتا ہے-اِس دروازے میں لیچ اینڈ لاک (Latch and Lock) سسٹم لگایا گیا ہے-
سکِڈ پلیٹ( Skid Plate):
اِنجن، سٹیئرنگ اور گیس ٹینک وغیرہ کی حفاظت کے لئے سکڈ پلیٹ بھی لگائی گئی ہے جو حفاظتی دیوار ثابت ہوتی ہے اور گاڑی کو ہر طرح کے نقصان سے محفوظ رکھتی ہے-
آٹومیٹک بریک سسٹم(Automatic Break System):
بریک ہر گاڑی کے لئے بنیادی ضرورت ہے اپنی طاقت اور رفتار کے لحاظ سے اِس گاڑی میں آٹومیٹک بریک سسٹم لگایا گیا ہے جو ہنگامی صورتِ حال میں آٹومیٹک ایکٹو ہو جاتا ہے-
ڈوول پینل پینورامک مون روف (Dual Panel Panoramic Moon roof):
اِس گاڑی کی چھت پر ڈبل پینل پینورامک مون روف شیشہ خاص طور پر لگایا گیا ہے جو گاڑی میں سفر کرنے والوں کو نہ صرف روشنی بلکہ تازہ ہوا بھی فراہم کرتا ہے-
وہیل (Wheel):
31 انچ کے ٹائر اِس ماڈل کی شان تصور کئے جاتے ہیں جو ہر طرح کے روڈ کو چیرتے ہوئے گاڑی کو منزل تک لے جاتے ہیں-
ہُکس
اِس ماڈل میں سامنے کی جانب دو ہُک بھی لگائی گئی ہیں جو بوقتِ ضرورت گاڑی کو کھینچنے میں مدد فراہم کرتی ہیں-
کنگ کیب، کریو کیب، ایکسٹینڈڈ کیب (King Cab, Crew Cab, and Extended Cab):
نِسان نے اپنے اِن ماڈلز کو تینوں طرز یعنی کیبن کی تعداد کی بنیاد پر بھی تیار کیا ہے- کِنگ کیب میں گاڑی کے صرف اَگلے دو دروازے رکھے گئے ہیں جِسے ہم عام طور پر سنگل کیبن کہتے ہیں- جبکہ کریو کیب میں چاروں دروازوں کے ساتھ باقاعدہ ڈبل کیبن تیار کی گئی ہیں- ایکسٹینڈڈ کیب میں سنگل ڈور کے ساتھ ایک چھوٹا دروازہ بھی لگایا جاتا ہے جو پچھلی سیٹوں تک رسائی دیتا ہے اور دکھنے میں سنگل کیبن ہی نظر آتا ہے-
ایپل کار پلے (Apple Car Play):
اِس گاڑی کا سسٹم ایپل فون یا اینڈرائیڈ کے ساتھ باآسانی منسلک ہو جاتا ہے جبکہ وائی فائی، ہاٹ سپاٹ کی سہولت بھی موجود ہے جو کہ 45mbps سپیڈ کے ساتھ اپنے یوزر کو تفریح فراہم کرتا ہے- اس سسٹم میں بیک وقت چھ افراد مستفید ہو سکتے ہیں-
آف روڈ گیج (Off Road Gauge):
اِس گاڑی میں آف روڈ گیج خاص طور پر لگائی گئی ہے تاکہ ریگستانوں اور بے ہنگم راستوں پر گاڑی اپنے مخصوص موڈ کا اِستعمال کرتے ہوئے جی فورس G-Force کا اِستعمال کرے اور باآسانی ناہموار راستوں کو چیرتی سفر طے کرے-
سکیورٹی اور سیفٹی( Security and Safety):
نِسان نے اپنے اِس ماڈل میں سکیورٹی اور سیفٹی فیچر کو کافی بہتر کیا ہے جو کِسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نِمٹنے اور گاڑی میں موجود لوگوں کی حفاظت کے لئےمدد فراہم کرتا ہے- اِس سسٹم نے ڈرائیور کے لئے گاڑی چلانا اِنتہائی آسان اور آرام دہ بنا دیا ہے-جبکہ سیفٹی موڈ میں گاڑی اَپنے سے آگے والی گاڑی سے مخصوص فاصلہ کنٹرول کرتی ہے اور فاصلہ کم ہونے کی صورت میں الارمنگ سسٹم ڈرائیور کو آگاہ کرتا ہے- اگر ڈرائیور لاپرواہی کرے تو گاڑی کا آٹومیٹک سسٹم آن ہو جاتا ہے اور بریک لگنا شروع ہو جاتی ہیں جِس سے سپیڈ کم ہو جاتی ہے- اِس سسٹم کو فارورڈ کولیئن وارننگ سسٹم (Forward Collision Warning System) کہا جاتا ہے-
اِس کے علاوہ بلائینڈ سپاٹ مانیٹرنگ (Blind-Spot Monitoring) سسٹم بھی لگایا گیا ہے جو پیچھے یا قریب سے گزرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرتا ہے ،اِس سسٹم میں سائیڈ شیشوں میں ایک سرخ رنگ کا سپاٹ جلنا (Blink) شروع ہو جاتا ہے تا کہ ڈرائیور پیچھے موجود گاڑی سے مطلع ہو سکے-
گاڑی میں موجود لوگوں کی حفاظت کے لئے نِسان نے آٹھ اِئیربیگز انسٹال کئے ہیں جو نہ صرف اگلی سیٹوں کے سامنے بلکہ پچھلی پیسنجر سیٹوں کے لئے بھی دونوں اطراف میں اِئیربیگز کا اِستعمال کیا گیا ہے جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اندر موجود لوگوں کو حفاظت فراہم کرتے ہیں-
اِس گاڑی میں پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو مدِّنظر رکھتے ہوئے سیفٹی فیچر انسٹال کیا گیا ہے جو کسی بھی فرد کے گاڑی کے سامنے آنے کی صورت میں آن ہو جاتا ہے اور آٹومیٹک بریک لگ جاتے ہیں-
ریئرکراس ٹریفک الرٹ سسٹم ڈرائیور کو گاڑی کی پچھلی جانب سے آنے والی ٹریفک کے متعلق آگاہی فراہم کرتا ہے- جبکہ لَین ڈیپارچر سسٹم روڈ پر گاڑی چلاتے وقت ڈرائیور کو اپنی متعلقہ لین میں گاڑی ڈرائیو کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے-
اِس کے علاوہ حفاظتی تدابیرکو مدِّنظر رکھتے ہوئے اور بہت سارے فیچر اس گاڑی کا حصہ ہیں جن میں فارورڈ کولئین وارننگ سسٹم، ٹریفک سائن ریکوگنیشن، ڈرائیور الرٹنیس مانیٹرنگ سسٹم اور ریورس اٹانومس بریکنگ سسٹم وغیرہ شامل ہیں- جو نہ صرف گاڑی بلکہ گاڑی میں موجود افراد کی حفاظت کے ساتھ اطراف میں موجود لوگوں کی حفاظت کیلئے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں-
مندرجہ بالا خصوصیات کی بنیاد پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ نِسان ٹرک واقعی طور پر ایک شاہکار ٹرک ہے جو کسی بھی طرح سے موجودہ آف روڈ ٹرکس سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے- نِسان کمپنی نے اپنی روایات کے عین مطابق 2020 کے اِس ماڈل میں جو خصوصیات رکھی ہیں وہ اِس کی اپنے کسٹمرز کے ساتھ نہ صرف محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ دنیا کو آرام دہ، مضبوط، تیزرفتار، کشادہ اور دیرپا ساتھ دینے والی گاڑیاں مہیا کرنے میں بھی کوئی کسر اُٹھا نہ رکھنے کی طرف ایک قدم ہے- یہی وجہ ہے کہ کام سے لگاؤ ہی نِسان کمپنی کی ترقی کا راز جانا جاتا ہے-