رات کی ڈرائیونگ میں تیز روشنی کا استعمال خطرناک
ملک حسن احمد ایڈووکیٹ
دن کی روشنی اور رات کے اندھیرے میں گاڑی چلا نے کا تجربہ یکسر مختلف ہے- دن کے وقت ڈرائیورز کو اپنے اردگرد کے تمام مناظر بالکل صاف اور نمایاں نظر آتے ہیں- اس کے برعکس رات کی ڈرائیونگ میں سامنے اور اطراف کے مناظر واضح نہیں دیکھے جا سکتے- اسی لیے رات کے وقت انتہائی چوکنا ہو کر ڈرائیونگ کرنی پڑتی ہے کیونکہ چھوٹی سی غلطی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے-
رات کو ڈرائیونگ کے دوارن تیز روشنی کا استعمال کتنا خطر ناک ثابت ہو سکتا ہے اس کامختصر جائزہ ذیل میں پیش کیا گیا ہے-
رات کے وقت ڈرائیونگ دن کی نسبت کیو ں مشکل ہے؟
رات کے وقت ڈرائیونگ دن کے وقت ڈرائیونگ کی نسبت زیادہ مشکل ہےجس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ رات میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے روڈ کے اطراف میں کوئی چیز نمایاں نظر نہیں آتی اور روڈ پر اچانک کسی جاندار کا گاڑی کے سامنے آجانا یا بعض اوقات ایسی گاڑی کا سامنے آ جانا جسکی لائٹ نہ ہو حادثے کا باعث بنتے ہیں- مزید یہ کہ رات کے وقت روشنی کی کمی کے باعث گاڑی چلانا نہ صرف ڈرائیورز بلکہ سڑک استعمال کرنےوالے باقی افراد (بشمول پیدل چلنے والے افراد) کےلیےبھی خطر ناک ثابت ہوسکتاہے- یوں رات کے وقت گاڑی چلانا کافی مشکل ہے-اسکے علاوہ اکثر لوگ رات کے وقت ڈرائیونگ سے گھبراتے ہیں بالخصوص ایسے افراد جن کی نظر کمزور ہوتی ہے جو ان کی ڈرائیونگ پر اثر انداز ہوتی ہے-
گاڑی میں ہائی بیم لائٹس کا استعمال کیوں کیا جاتا ہے؟
ہائی بیم لائٹ (High Beam Light) بنیادی طور پر گاڑیوں میں اس لئے استعمال کی جاتی ہے تاکہ ڈرائیور روڈ پر دور کا منظر واضح دیکھ سکے- رات کے وقت دورانِ ڈرائیونگ تیز روشنیوں کے استعمال سے مخالف سمت سے آنے والی گاڑی کا ڈرائیور آنکھوں میں لائٹ پڑنے کی وجہ سے سامنے کا منظر واضح نہیں دیکھ پاتا- تیز روشنیوں کا استعمال اس وقت فائدہ مند ہے جب روڈ بالکل خالی ہو اور دور تک سڑک پر کوئی گاڑی نہ ہو،چونکہ ہائی بیم لائٹ بہت تیز ہوتی ہے اس لئے جب سامنے سے کوئی گاڑی آئے تو لائٹ کو کم کر دیا جائے تاکہ کراس کرنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو دیکھنے میں دشواری پیش نہ آئے-
رات میں ہونے والے حادثات کی بڑی وجہ کیا ہے؟
رات کی ڈرائیونگ کانوے فیصدانحصار ڈرائیور کے وژن اور اسکے ری ایکشن پر ہوتا ہے- نیشنل سیفٹی کونسل کے مطابق رات کے وقت ہونے والے حادثات کی تعداد دن کو ہونے والے حادثات سے تین گنا زیادہ ہےجسکی سب سے بڑی وجہ تیز لائیٹس کا استعمال ہے،تیز لائٹس آنکھوں میں پڑنے کی وجہ سے کچھ لمحہ کے لئے سامنے سڑک کا منظر بالکل دھندلا ہو جاتا ہے جو ڈرائیور کی آنکھوں میں اندھیرا کر دیتی ہے -تیز لائٹس کا استعمال کچھ فوائد کے ساتھ نقصان کا باعث بنتی ہیں -رات کے وقت ڈرائیورز تیز لائٹس کا استعمال اس لئے کرتے ہیں کے سامنے آنے والی تمام گاڑیاں نمایاں نظر آئیں لیکن وہ اس بات کو یکسر نظر انداز کرتے کہ ان کی گاڑی کی تیز لائٹس سامنے سے آنے والی گاڑی کے لئے کتنا نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے-
نیشنل سیفٹی کونسل کے مطابق رات کے وقت ہونے والے حادثات کی تعداد دن کو ہونے والے حادثات سے تین گنا زیادہ ہےجسکی سب سے بڑی وجہ تیز لائیٹس کا استعمال ہے
گاڑیوں میں جدید قسم کی تیز لائٹس کا استعمال کتنا مفید اور کتنا نقصان دہ ہے؟
آج کل مارکیٹ میں مختلف اقسام کی لائٹس آ گئی ہیں اور تقریباً ہر گاڑی میں ان لائٹس کا استعمال دیکھنے کو ملتا ہے-بلاشبہ ان جدید تیز لائٹس سے ڈرائیور کو سڑک اور گردنواح کا منظر بالکل واضح نظر آتا ہےلیکن دوسری طرف یہ تیز لائٹس انتہائی خطر ناک بھی ثابت ہوتی ہیں-چونکہ ان تیز لائٹس کے سبب سامنے سے آنے والی گاڑی کا ڈرائیور یا پیدل چلنے والا شخص چند لمحوں کے لئے بالکل اندھا ہو جاتاہے جس کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں- رات کے وقت ڈرائیونگ کے دوران نظر میں مختلف تبدیلیاں بھی ہوتی ہیں، جیسا کہ گردنواح میں لائٹس بالز کا محسوس ہونا اور دھندلاپن اس کے علاوہ بار بار تیز روشنی آنکھوں میں پڑنے کی وجہ سے اعصابی تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ آنکھوں کی تھکاوٹ کا بھی باعث بنتی ہے،جبکہ ایسے افراد جن کی نظر کمزور ہوتی ہے رات کے وقت ڈرائیونگ کی وجہ سے نظر مزید متاثر ہوتی ہے ایسے افراد جو معمول کے مطابق رات کی ڈرائیونگ کرتے ہیں تیز روشنیوں کے باعث انکی نظر کمزور ہو جاتی ہے-
جدیددورمیں ٹیکنالوجی میں ترقی ہوئی گزشتہ چند سالوں میں گاڑیوں کی لائٹس اور اس کے استعمال میں بھی کافی جدت آئی ہے، پرانے وقت میں گاڑیوں میں halogen bulb استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب LED ٹیکنالوجی آنے سے کم پاور میں زیادہ شدت والی لائٹس ہر گاڑی اور موٹر سائیکل پر دیکھنے کو ملتی ہےجبکہ ان لائٹس کے استعمال کے بعد حادثات میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، نئے آنے والی جدید ماڈلز کی گاڑیوں میں اب LED لائٹس اور دیگر دوسرے جدید فیچرز ہائی اور لو بیم لائٹس کے آپشن اور HIDلائٹس استعمال کی گئی ہیں- ان تیز روشنیوں کا استعمال صرف اسی صورت میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جب کسی ایسی سڑک پر گاڑی چلائی جا رہی ہو جہاں گاڑیاں کافی فاصلہ پر ہوں یا روڈ بالکل خالی ہو-HID لائٹس اور ہائی بیم لائٹس کی صحیح سے سیٹنگ اور درست ڈائریکشن بھی کافی حد تک سامنےسے آنے والی گاڑی کو نقصان سے بچا سکتی ہے،اسکے علاوہ جدید ماڈلز کی گاڑیوں میں Auto Light Adjuster فیچر بھی متعارف کروائے گئے ہیں،جو کافی حد تک فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں،تیز روشنی کے علاوہ موسمی تبدیلی جیسا کے دھند کے دوران غیر موثر لائٹس کا ا ستعمال بھی حادثات کا باعث بنتا ہے-
رات کے وقت ٹریفک حادثا ت سے بچنے کیلئے کن باتوں کا خاص خیا ل رکھناچاہیے؟
- رات کے وقت ٹریفک حادثات سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ تیز روشنیوں کےغیر ضروری استعمال سے اجتناب کیا جائے-
- بالخصوص رات کے وقت گاڑی کی سپیڈممکنہ حد تک کم رکھیں اور اوور ٹیکنگ Overtakingسے پرہیز کریں-اسکے علاوہ گاڑی کی ہیڈ لائٹس اور شیشے بالکل صاف رکھیں-
- رات کی ڈرائیونگ کے دوران اینٹی کلیئر چشموں کا استعمال یقینی بنایا جائے کیونکہ ان چشموں کے استعمال سے سامنے سے پڑنے والی تیز روشنی آنکھوں پر اثر انداز نہیں ہوتی-
- رات کے وقت اینٹی ریفلیکٹو لنز(Anti Reflective Lens) کا استعمال نہ کرنا اور تیز لائٹس کے درست استعمال سے لاعلمی بھی حادثات کا باعث بنتی ہے اسلیے اپنے آپ کو اور روڈ پر چلنے والے دوسرے لوگوں کو حادثات سے بچانے کے لئے تیز روشنیوں کا درست استعمال کرنا لازمی ہے-
- تیز لائٹس کے شوقین افراداپنے شوق کی وجہ سے کئی قیمتی جانوں کی ہلاکت کا سبب بنتے ہیں- لہذا! موٹروے، ہائی وے اور ٹریفک پولیس کو ایسی تمام گاڑیاں جن پر غیر ضروری تیز لائٹس نصب ہوں انکے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیےتاکہ شاہراہوں کو خطرناک حادثات سے محفوظ بنایا جا سکے-