اِداریہ
مملکت ِ خدا داد پاکستان گزشتہ ڈیڑھ عشرہ سے دہشت گردی کے مسئلہ سے نبردآزما ہے۔ جس پرریاستی اداروں اورشہریوں کے تعاون سے بالعموم اور افواج ِپاکستان کی مسلسل کوششوں سے بالخصوص نہ صرف کافی حد تک قابو پالیاہےبلکہ افواج ِپاکستان دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ جس کی حقیقت پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کےدوبارہ انعقاد اور بین الاقوامی ٹیمز کی پاکستان آمد سے اظہر من الشمس ہو جاتی ہے۔ پاکستان کےمجموعی حالات بھی انتہائی پرامن ہو چکے ہیں اورمعمول سے رواں دواں ہیں۔ ہر پاکستانی اعتماد اور حوصلے سے قومی ترقی میں اپناحصہ ڈال رہاہے جس کا واضح ثبوت افواج پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونےوالی پاکستان موٹر ریلی ہےجوکسی مخصوص علاقے تک محدود نہیں تھی بلکہ پاکستان کےشمالی علاقوں خنجراب، چترال،ہزارہ،اسلام آباد،لاہور ،ڈیرہ اسماعیل خان،رزمک(شمالی وزیرستان )،گومل زام ڈیم ،کوئٹہ اور کراچی سمیت دیگر شہروں سے ہوتی ہوئی3000کلومیٹرکا طویل فاصلہ دس دنوں میں طےکرکےگوادر میں اختتام پذیرہوئی۔ افواجِ پاکستان نے 'پاکستان موٹر ریلی' جیسامیگا ایونٹ پرامن طریقےسےمنعقد کر کے بین الاقوامی برادری پرواضح کردیا ہے کہ ملکِ پاکستان کس طرح سے دہشت گردی پر قابو پاکر دنیا میں امن وآشتی اور محبت کی خوشبو بکھیر رہا ہے۔ پاکستان موٹر ریلی میں شرکت کرنےوالوں کاجذبہ دیدنی تھا۔ بلاشبہ یہ ریلی قومی یکجہتی اور قومی سطح پر اعتماد کی بحالی کا باعث ہے۔ اس ملکی سطح کی خوبصورت ریلی میں ملک بھرسےلوگوں نے شرکت کی اور دنیاکوباورکرایا کہ پاکستانی قوم پر امن اورخطے میں دیر پا امن کی خواہاں ہے۔
اللہ رب العزت نے پاکستان کوایک طرف حسین وادیوں، دلکش نظاروں، سرسبزجنگلات ،بہتے دریاؤں، فلک بوس پہاڑوں، وسیع صحراؤں ، کھلے میدانوں، ساحلی علاقوں اور گہرے سمندرسےنوازا ہے جن کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی تودوسری طرف قدرت نے بے شمار معدنی اور زرعی وسائل عطا کئے ہیں۔ مختصراً یوں کہیے کہ کسی بہترین قدرتی منظر کو ذہن میں سوچیں تو آپ کو اُس کا جامع عکس اِس سرزمین پاک کے کسی گوشے سے نمایاں ملے گا ۔ بلا شبہ ایسےحسین، قدرتی اور فطرتی نظارے سیاحوں کی دلچسپی اورتوجہ کا مرکز و محور بنتے ہیں اورساری دنیا سے سیاح ان علاقوں کو دیکھنے اور حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے آتے ہیں۔ جونہ صرف ملکی زر مبادلہ میں اضافے کا سبب بنتا ہے بلکہ اِنہی سیاحوں کے ذریعےاس ملک کی ثقافت اور معیشت ساری دنیا میں پہچانی جاتی ہےجومزید سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ پاکستان کے ان مناظر کونمایاں کرنے کے لئے موٹر سپورٹس ایک ایساکھیل ہے جو نہ صرف شہروں بلکہ صحراؤں، ریگستانوں اور کوہستانوں کو بھی آباد کرتا ہےجس سےمختلف تہذیبوں کے باسیوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور متعارف ہونے کا موقع ملتا ہے۔ ان علاقوں میں کھیلوں کی ترقی (Promotion) سے دنیا بھر میں نہ صرف پاکستان کا ’’سافٹ امیج‘‘ نمایاں ہوتا ہے بلکہ اس کا جمالیاتی حسن بھی اقوامِ عالم کی توجہ کا مرکزبنتا ہے۔
پاکستان کی سرزمین، موٹر سپورٹس کےلئے ایک’’آئیڈیل‘‘کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان کےنوجوانوں میں موٹر سپورٹس کا شوق اور ولولہ موجود ہے اگر اِس کھیل کو صحیح طریقہ سے فروغ دیا جائے اور نئی نسل کی صحیح آبیاری کی جائےتو یہ پاکستان کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ایک نمایاں مقام دِلا سکتی ہے ۔
اے ارض وطن تو سلامت رہے تا قیامت رہے