فارمولا وَن سیزن2017 کی اٹھارویں ریس (میکسیکن گراں پری) پر ایک نظر
عدنان ایچ ستی
تعارف:
فارمولا وَن ورلڈ چیمپیئن شپ، انٹرنیشنل آٹو موبائل فیڈریشن(FIA) کی سنگل سیٹرموٹر سپورٹس ریسنگ کی سب سے بڑی کلاس ہے۔ عرفِ عام میں اسے " فارمولا وَن" کہا جاتا ہے- اس ریس کوگراں پری (Grand Prix) کا نام بھی دیا جاتا ہے جو فرانسیسی زبان سے ماخوذ ہے جسکا مطلب "گرینڈ پرائز" (Grand Prize) ہے-
عہدحاضرکی فارمولا وَن سالانہ ورلڈ چیمپیئن شپ بیس ریسوں پر مشتمل ہے۔ ہرریس کےنتائج پوائنٹس کی بنیاد پرشمارہوتے ہیں جو ہر ڈرائیوراوراُسکی ٹیم کودئیےجاتے ہیں۔ فارمولا وَن میں پوائنٹس صرف ان دس گاڑیوں کو ملتے ہیں جو باقی ریسرز سے پہلےاپنا متعین کردہ فاصلہ طے کر لیتے ہیں- سب سے زیادہ پوائنٹ اس کو ملتے ہیں جو پہلے نمبر پرپہنچتا ہےاور سب سے کم اس کو ملتےہیں جو دسویں نمبر پر آتا ہے۔
عام طورپر، قواعد وضوابط کےمطابق ہرسال مارچ میں فارمولاون کا سیزن (Season) آسٹریلیا کے شہر میلبورن (Melbourne) میں منعقد ہونےوالی ریس سے شروع ہوتا ہے۔ ایک ریس تین دن (جمعہ ،ہفتہ اور اتوار) پر مشتمل ہوتی ہے۔ ہر سال کے آغاز میں پورے سال کے شیڈول کو حتمی شکل دی جاتی ہے جس میں کبھی کبھار ریس کے نئے مقاما ت شامل کئے جاتے ہیں اوربعض اوقات تبدیل بھی کر دیےجاتے ہیں۔ فارمولاون کی آخری ریس نومبرمیں ابوظہبی (Abu Dhabi) میں منعقد ہوتی ہے۔اس ریس سے پہلے میکسیکو میں ریس منعقد کی جاتی ہےجس کے مختصر مطالعے سے ہم اپنے قارئین کو آگاہ کریں گے۔
میکسیکن گراں پری (Mexican Grand Prix)
میکسیکن گراں پری (Mexican Grand Prix) کا انعقاد دارالحکومت میکسیکو سٹی میں 27 تا 29 اکتوبر 2017ء کو ہوا۔اس ریس کاشمارفارمولاوَن سیزن کی اٹھارویں ریس میں ہوتاہے۔ میکسیکن گراں پری کا آغاز نان چیمپئین شپ ایونٹ کے طور پر ہوا ۔ اس کے بعدصرف دو ریسزمزیدہوتی ہیں۔ جن میں برازیلین گراں پری(Brazilian Grand Prix)اور ابوظہبی گراں پری (Dhabi Grand Prix)شامل ہیں۔ اس فارمولاوَن ریس میں دس ٹیموں کے بیس(20) ڈرائیورز نے حصہ لیا۔امسال فارمولاون سیزن زیادہ پرکشش ، دلچسپ اور سنسنی خیز تھا کیونکہ اس میں 2017ء سیزن کی ہار جیت کافیصلہ متوقع تھا۔ چیمپئن شپ میں ڈرائیورز اور ٹیموں کے متعلق قیاس آرائی کرنا آسان نہیں کیونکہ مقابلہ انتہائی سخت ہوتا ہے۔
ریس ٹریک؛
میکیسکن گراں پری((Mexican Grand Prixکےریس ٹریک کانام میکسیکوکےدوفارمولاوَن ڈرائیور بھائیوں؛ آٹو ڈرومو،ہرمانوز روڈریگیز(Auto dromo Hermanos Rodriguez) کےنام سےمنسوب ہے ۔ جو ساٹھ اور ستر کی دہائی کے دورانِ ریس حادثے کا شکارہوئےاورجان کی بازی ہار بیٹھے۔ اس ٹریک کی لمبائی 4.304 کلو میٹرہے۔ 71 چکر(Laps) پر مشتمل اس ریس کا کل فاصلہ 305 کلومیڑبنتا ہے۔ سطح سمند ر سے تقریباَ دو ہزار دو سو ستائیس میٹرکی بلندی پر واقع ہونےکی وجہ سے یہ ٹریک ریس ڈرائیورز اور ٹیکنیکل سٹاف ٹیم کےلئے چیلنچ کی حیثیت رکھتا تھا۔ ٹریک کا لیپ ریکارڈ سبسچئین ویٹل (Sebastian Vettel) کے پاس ہے۔
ریس کا شیڈول
حالیہ 2017ء کی میکیسکن گراں پریمندرجہ زیل شیڈول کے مطابق منعقد ہوئی۔
27 اکتوبربروز جمعہ دو پریکٹس سیشن ہوئے۔
28 اکتوبربروزہفتہ کو پریکٹس سیشن نمبرتین کا انعقاد کیا گیا۔
28 اکتوبرہفتہ ہی کو کوالیفائنگ راؤنڈہوا۔
29اکتوبربروزاتوارفائنل ریس ہوئی۔
کوالیفائنگ راؤنڈ
دوپریکٹس سیشن جمعہ کےروز اورایک ہفتہ کی صبح منعقدہونے کےبعد ہفتہ کی دوپہر کوالیفائنگ راؤنڈ ہوا ۔یہ سیشن نہایت اہمیت کا حامل ہوتاہے جس میں یہ فیصلہ کیا جاتاہےکہ ریس والے دن (اتوار کو)کون سے ڈرائیورکی گاڑی گرڈ پہ کس پوزیشن پرکھڑی ہو گی۔ جو ڈرائیور سب سے کم وقت میں پورا لیپ مکمل کرتا ہے وہ ریس والے دن سب سے آگے کھڑا ہوتا ہے۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کاآغازریس شیڈول کے مطابق ہفتہ کوہوا۔ جس میں فیراری ٹیم کے ڈرائیور سبسچئین ویٹل (Sebastian Vettel) نے پول پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ ریڈ بُل(Red Bull) کے ڈرائیورمیکس ورسٹاپین (Max Verstappen) دوسرے، مرسیڈیزکے لیوس ہیملٹن (Lewis Hamilton) تیسرے، اور مرسیڈیزکے والٹیری بوٹاز(Valtteri Bottas) چوتھےنمبر پر جبکہ فیراری کے کِمی رائکانن(Kimi Raikkonen) پانچویں نمبر پر رہے۔
ریس کا فائنل روز؛
ریس کا آغاز ہی سنسنی خیز تھا۔ ریس میں مرسیڈیز ٹیم کے ڈرائیور لیوس ہیملٹن (Lewis Hamilton) کو چیمپئین شپ کاٹائیٹل اپنے نام کرنےکےلئےکم سےکم پانچویں یا اس سےبہترپوزیشن درکارتھی۔ میکس ورسٹاپین (Max Verstappen)نے پہلے چکر(Lap)کے دوسرے موڑپر ہی سبسچئین ویٹل (Sebastian Vettel) کو جا گھیرا اوراپنی ماہرانہ ڈرائیونگ دکھاتےہوئےبڑی ہنرمندی سےپیچھے چھوڑ دیااور آگےنکل کرپہلی پوزیشن پر آن پہنچے جو ریس کےاختتام تک برقرار رہی۔ تیسرے موڑ پر سبسچئین ویٹل (Sebastian Vettel) کی فیراری کے اگلے حصے کی ٹکر سے لیو س ہیملٹن کی کار کا ٹائر پنکچر ہوااورسبسچئین ویٹل (Sebastian Vettel)کی کار کےاگلے حصے کو نقصان پہنچاجس کی وجہ سے دونوں ڈرائیورز کو پہلے چکر کےاختتام پر (Pit Stop)کرنا پڑا۔ ریس کی ابتداء ہی میں پِٹ سٹاپ “Pit Stop”کےباعث دونوں ڈرائیورآخری پوزیشن پر چلے گئے۔ اس بدلتی صورتحال میں سبسچئین ویٹل (Sebastian Vettel)کو چیمپیئن شپ میں اپنی جیت کے امکان کو روشن رکھنے کےلئے دوسری پوزیشن حاصل کرنا تھی۔ لیکن بہترین ڈرائیونگ کے باوجودوہ چوتھے نمبر پر آئے۔ لیوس ہیملٹن (Lewis Hamilton) نےنویں پوزیشن حاصل کی اور ساتھ ہی 2017ء کے فارمولاوَن چیمپیئن کا اعزاز اپنے نام کیا۔ جبکہ ریڈ بُل ٹیم سے تعلق رکھنے والےمیکس ورسٹاپین (Max Verstappen) میکسیکن گراں پری کے فاتح رہے۔ والٹری بوٹاز اور کِمی رائکانن(Kimi Raikkonen) نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔چوتھی مرتبہ عالمی چیمپیئن شپ جیت کر لیوس ہیملٹن (Lewis Hamilton)برطانیہ کی تاریخ کے کامیاب ترین فارمولاوَن ریسرقرار پائے۔اپنے انٹرویو میں انہوں نےکہا کہ یہ سب انہیں غیر حقیقی محسوس ہورہا ہےاوراپنی کامیابی پربے حدمسرور ہیں۔