اِداریہ
Blog Single

 

اِداریہ

کھیل کی اہمیت اور افادیت بڑی واضح اور نمایاں ہے۔ کھیل انسان میں مختلف صلاحیتں پیدا کرنے کے ساتھ ولولہ، شوق، جذبہ، لگن، دلیری، ہمت، محنت، حوصلہ اور برداشت جیسی اعلیٰ خوبیوں کو نکھارنے میں مدد فراہم کرتے ہیں جن کا معاشرے میں فقدان نظر آتا ہے۔ کسی بھی معاشرے کے صحت مند اور توانا ہونے کا اندازہ اس کی کھیل سے لگن اور میدان آباد ہونےسے لگایا جا سکتا ہے۔ انسان جہاں جیت کی خوشی مناتا ہے وہیں ہار کر ایک نئے ولولے کے ساتھ جیت کی نئی امید لئے میدان میں اترتا ہے۔

ماضی میں کھیل جسمانی طاقت اور بَدنی چستی کی بنیاد پر ہوا کرتےتھے لیکن انسانی سماج کے ارتقاء اور ترقی سے نت نئے کھیل متعارف ہوئے ہیں۔ ان کھیلوں میں موٹر سپورٹس اپنی نوعیت کا منفرد کھیل ہے جو عہدِ حاضر کا جدید کھیل تصور کیا جاتا ہے اور اصل میں گھڑ دوڑ جیسی پرانی روایات کا عکاس ہے۔

موٹر سپورٹس دنیا کا تیسرا بڑا کھیل ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔ جیسا کہ صرف ڈاکار ریلی کو ایک بلین لوگ دیکھتےہیں۔ موٹر سپورٹس کی بہت سی اقسام ہیں۔ جیسا کہ کارٹنگ (جوموٹر سپوٹس کی بنیادی اورتربیتی مراحل کے کھیلوں میں شمار ہوتا ہے)، سرکٹ ریسنگ، ڈرفٹنگ، ٹریک ریسنگ، آف روڈ ریسنگ اور فارمولا ون وغیرہ۔ موٹر ریسنگ ایک مکمل ٹیم ورک کا نام ہے جس میں نہ صرف ڈرائیور کی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ معاون ڈرائیور کی چستی، گاڑی کی تیاری، ٹریک کی جانچ پڑتال، دوران ریس گاڑی کی مرمت کا سامان اور اس طرح کے دیگر امورسرانجام سینے کے لئے اِس کھیل میں مکمل ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے۔

موٹر سپورٹس کے ایونٹس مختلف علاقوں کے لوگوں کو قریب آنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور اس علاقے کی شناخت میں بھی اضافہ ہوتا ہے جبکہ سیاحوں کے ذریعے لوکل کلچراور ثقافت ساری دنیا میں جانا جاتا ہے جو کہ مزید سیاحوں کی توجہ کا باعث بنتا ہے۔ ہر ملک اپنے خوبصورت علاقوں کو ساری دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے مختلف مواقع پیدا کرتا ہے۔ جن میں کبھی تو ان علاقوں کی تصاویر کی نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے توکبھی وہاں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئےطرح طرح کے کھیل ان علاقوں میں منعقد کئے جاتے ہیں ۔ لیکن علاقائی ثقافت کی پذیرائی کےلئے کھلے میدانوں اور وسیع صحراؤں میں آف روڈ ریلیز کا انعقاد مزید اہمیت اختیار کر جاتاہے۔  پاکستان کے اِن علاقوں میں اس طرح کی گیمز دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے اور اس کے تشخص کو بہتر بنانے میں نہ صرف مددگار ثابت ہوں گی بلکہ پاکستان کا جمالیاتی حسن بھی اقوامِ عالم کی توجہ کا باعث بنے گا اور دنیا بھر سے ریسرز اِن ٹریکس پر ریس کرنے میں خوشی محسوس کریں گے۔

لہذا موٹر سپورٹس بالعموم اور آف روڈ ریلیز بالخصوص ایک ایساکھیل ہے جو نہ صرف شہروں بلکہ صحراؤں اور ریگستانوں کو بھی آباد کرتا ہےجس سےمختلف تہذیبوں کے باسیوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور متعارف ہونے کا موقع ملتا ہے۔ ان علاقوں میں کھیلوں کی ترقی (Promotion) اور فروغ سے ملک و قوم کا عالمی تاثر دنیا بھر کےسامنے ایک پر امن قوم  اور مضبوط معاشی ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آتا ہے۔

پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ