ٹنڈرا ۔ ٹی آر ڈی پرو (Tundra TRD Pro)
آف روڈِنگ کابےتاج بادشاہ
عبدا لباسط
تعارف ؛
جاپان سے تعلق رکھنے والے سیکیچی ٹیوڈا (Sakichi Toyoda) 1894ء میں پیدا ہوئے جو ٹیوٹا Toyota Industries Corporation کے بانی سمجھے جاتے ہیں۔ سیکیچی (Sakichi) نے 1924ء میں اپنے کام کا آغاز کپڑا بنانے والی آٹومیٹک لومز (Automatic Looms) بنانے سے کیا جس نے پوری دنیا کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں جان ڈال دی۔ سیکیچی( (Sakichiکی یہ ایجاد ٹیوٹا انڈسٹری کے لیے کامیابیوں کا زینہ ثابت ہوئی۔ سیکیچی ٹیوڈا کو شروع سے ہی انجن بنانے کا شوق تھا جو گاڑیاں بنانے کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔ سیکیچی (Sakichi) کے بیٹےکیچیرو ٹیوڈا (kiichiro Toyoda)نےجب کمپنی کی باگ دوڑ سنبھالی تو ٹیوٹا انڈسٹری میں ایک ڈیپارٹمنٹ کی بنیاد رکھی جس نے گاڑیاں بنانے کا آغاز کیا۔ اس طرح 1934ء میں ٹیوٹانے اپنا پہلا ٹائپ اے (Type- A) انجن بنایا اور 1936ءمیں اپنی پہلی پسنجر (Passenger) کارٹیوٹا ٹائپ اےاے ((Toyota-AA متعارف کروائی۔
ٹیوٹا موٹر کارپوریشن؛
1936ء میں جب گاڑیاں بنانے کاآغاز اچھا ہوا تو کیچیرو ٹیوڈا (Kiichiro Toyoda) نے جاپان کےضلع ایچی (Aichi) کے شہر ٹیوٹا میں ٹیوٹا موٹر کارپوریشن لمیٹڈ (Toyota Motor corporation Ltd.) کی باقائدہ بنیاد رکھی۔ جس نے کمرشل لیول پر گاڑیاں بنانے کا آغاز کیا۔ جو آج پوری دنیا میں سب سے زیادہ گاڑیاں بنانے والا ادارہ ہے اور ٹیو ٹا کے نام سے مشہور ہے۔ ٹیوٹا گروپ پوری دنیا میں بہت بڑے بزنس گروپ کے طور پر جانا جاتا ہےجو گھروں کی تعمیر سے لے کر وڈیو گیمز ، ریسرچ سنٹر ، سٹیل بنانے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم بنانے میں بھی اپنی مثال آپ ہے۔
ٹیو ٹا موٹرز مختلف برینڈز (Brands) کےساتھ گاڑیاں بناتی ہے جس میں ٹیو ٹا لیکسز (Lexus) ، رینز (Ranz) اور ڈائی ہیٹسو (Daihatsu) شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ایسی بے شمار کمپنیوں کےاشتراک سے ٹیوٹا کمپنی گاڑیا ں بناتی ہے اور دیگر کمپنیز کواپنے بنائے ہوئے انجن فروخت کرتی ہے ۔ ٹیوٹا کی مختلف ممالک میں فیکٹریاں موجود ہیں جو وہاں کی لوکل ضرورت کے مطابق گاڑیاں تیار کرتی ہیں ۔ اس کے علاوہ بڑے شہروں میں شورومزاور آ ؤٹ لیٹس (Out lets) بھی موجود ہیں جو کسٹمرز کی ڈیمانڈ کے مطابق گاڑیاں مہیا کرتے ہیں ۔
ٹیوٹا موٹر سپورٹس؛
ٹیوٹا جہاں دلکش ،خوبصورت، آرام دہ اور تیز رفتار گاڑیاں بنانے میں مشہور ہے وہیں موٹر سپوٹس کےمیدانوں میں بھی کامیابیوں کےجھنڈے گاڑ رہی ہے۔ مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی ریسز میں ٹیوٹا باقاعدہ اپنی ٹیمز کے ساتھ میدان میں اترتی ہے ۔جن کے لیے خاص طور پرٹریک کی مناسبت سےگاڑیاں تیار کی جاتی ہیں ۔ موٹر سپورٹس کی دنیامیں ٹیوٹا انڈسٹری کی یہ لگن ایک خاص اہمیت کی حامل ہے جو نہ صرف شائقین کی توجہ کا باعث ہے بلکہ موٹر سپورٹس کی ترقی اوربہبود کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ ٹیوٹا نے بہت ساری ریسز متعارف کروائیں اور مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی ریسز میں حصہ لینا شروع کیا جن میں فارمولا ون(F1) ، انڈیکار (Indy car) ،ریلنگ (Ralling)،ٹیوٹاریسنگ سیریز (Toyota Racing series)،فامولا نپون (Formula Nippon) ،فارمولاتھری (Formula Three) ، این ایچ آ ر اے (NHRA) ،نیس کار (NASCAR) ، ڈاکار ریلی (Dakar rally) ،باجا 500 (Baja500) ، باجا1000(Baja1000) ،ورلڈ اینڈورنس چیمپئن شپ (World Endurance Champion Ship)،فارمولا ڈرفٹ (Formula Drift)، ریلی ریو-4 (Rally Rav-4)، موٹر کراس (Moto Cross)، لکاس آئل آف روڈ (Lucas oil off Road)، این ایکس ایس (NXS)، اور این سی ڈبلیو ٹی ایس (NCWTS) شامل ہیں ان کے علاوہ اور بھی بہت ساری ریسز ہیں جن میں ٹیوٹا اپنی گاڑیاں پرائیویٹ انٹری کے ساتھ دوڑاتی ہے۔ ٹیوٹا کا یہ شوق اور جوش اپنے بانی کیچیروٹیوڈا کے اس قول کا عکاس نظر آتا ہے کہ
"کار ریسنگ ایک تفریح نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے "
Car racing is more than just entertainment
ٹیوٹا ریسنگ ڈویلپمنٹ (TRD)
موٹر سپورٹس کے ساتھ ٹیوٹا کا یہ لگاؤ بڑھتا چلا گیا اور اس جاپانی کمپنی نے ریسنگ کے میدان میں اپنا نام پیدا کرنے ، شائقین کی توجہ مبذول کروانے اور گاڑیوں کو بہتر سے بہتر بنانے کی غرض سے بہت سارے ذیلی ڈیپارٹمنٹس کھولے جن میں ایک ٹیوٹا ریسنگ ڈویلپمنٹ ہے۔ ٹیوٹا نے امریکہ میں (TRD) کی بنیاد ایک ذیلی کمپنی کے طور پر 1979 میں رکھی۔ جوٹیوٹا اور لیگززگاڑیوں کی ان ہاؤس ٹیونگ شاپ کا کام سرانجام دینےکےساتھ حالات، ٹریک، جدت اور ڈرائیورز کی ڈیمانڈ کےمطابق گاڑیوں میں تبدیلی لانےکے لئےاپنا کردارادا کرتی ہے۔ اس کےعلا وہ نہ صرف آن روڈ بلکہ آف روڈ گاڑیوں کے لئے خاص پارٹس بھی تیار کرتی ہے۔ یہ کمپنی گاڑیوں کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ٹی آر ڈی مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی ریسز میں بھی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیتی ہے۔ اس کمپنی کی خاص توجہ کا مرکز آف روڈ پک اپ ٹرکس ہیں جیسا کہ ٹنڈرا (Tundra) ، ٹکوما (Tacoma) اور 4 رنر(4 Runner) جنہیں بہتر بنانے کیلئے مختلف تبدیلیاں لائی جاتی ہیں تاکہ آف روڈنگ کے شوقین ڈرائیورز صحراؤں، پہاڑوں اور میدانوں میں گاڑیاں دوڑاتے ہوئے لطف اندوز ہو سکیں ۔
ٹنڈرا ۔ ٹی آر ڈی پرو ( ( TUNDRA TRD PRO
امریکہ کے شہر ٹیکساس میں موجود جاپانی ٹیوٹا کمپنی کا پلانٹ 1999 سے ٹنڈرا پک اپ تیار کر رہا ہے جو آف روڈ ڈرائیورز کیلئے ایک شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرک جدید دور کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹیوٹا نے مینوفیکچر کیا ہے جو خوبصورتی ، طاقت اور رفتار میں اپنی مثال ہے۔
ٹیوٹا نے2018 کے لئے ٹنڈرا کا خاص ماڈل بنایا ہے جسے ٹنڈرا ٹی آر ڈی پرو کہتے ہیں۔ یہ ماڈل نہ صرف دیکھنے میں خوبصورت ہے بلکہ ہر طرح کے ٹریک پر دوڑنے میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ اس کا V8 انجن، کولنگ سسٹم، ڈبل سلنسر اور الائے رِم اسکی پہچان تصورکیےجاتے ہیں ۔
ٹی آر ڈی پرو سے مراد اس گاڑی میں لگائے گئے وہ خاص پارٹس ہیں جو ٹیوٹا کی ذیلی کمپنی ٹیوٹا ریسنگ ڈویلپمنٹ (TRD) بناتی ہےجو گاڑیوں کو تیز ، مضبوط ، بہتر اور ہر طرح کے روڈ سے نبردآزما ہونے کیلئے طاقت مہیا کرتے ہیں۔ اس لئے ٹنڈرا (Tundra) کو ٹی آر ڈی (TRD) سے منسوب کیا جاتا ہے۔ ٹنڈرا ٹی آر ڈی پرو(Tundra TRD Pro) ٹیوٹا کمپنی کی آف روڈ ریسنگ کیلئے ایک خاص ڈویلپمنٹ سمجھی جاتی ہے جو نہ صرف شائقین کو محظوظ کرتی ہے بلکہ ڈرائیورز کو بھی اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ اگر اس گاڑی کا بغور جائزہ لیا جائے تو مندرجہ ذیل خصوصیات اس میں ملتی ہیں۔
ٹنڈرا کی خصوصیات (SPECIFICATIONS)
انجن ٹرانسمیشن : Engine Transmission
انجن Engine ؛
5.7 لیٹر نیچرلی ایسپائریٹڈ V8 گیس یونٹ(5.7 Liter naturally aspirated V8 gas Unit)
ڈسپلیسمنٹ Displacement ؛ 5.7 لیٹر
پاور/ ٹارک Power / Torque؛ 381 ہارس پاور اور 401 ایل بی – ایف ٹی
ٹرانسمیشن Transmission؛ 6 سپیڈ آٹو میٹک
کارکردگی Performance
Ü یہ گاڑی 6.5 سیکنڈ میں 0 سے 60 میل پر گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لیتی ہے۔
Ü اور107 میل پر گھنٹہ (107mph) کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔
تیل کی کھپت Fuel Consumption
شہر میں اوسط 13 میل فی گیلن (13MPG)
ہائی وے پر اوسط 17 میل فی گیلن (17MPG)
فیول ٹینک کپیسٹی (Fuel Tank Capacity) 38 گیلن
دیگر خصوصیات:
مندرجہ بالا خصوصیات کے علا وہ ٹنڈرا ٹی آر ڈی پرو کے اندر بہت ساری چیزیں ٹیوٹا ریسنگ ڈویلپمنٹ کی طرف سے خاص طور پر شامل کی گئی ہیں ۔ اگر گاڑی کی اندرونی اور بیرونی ساخت کا جائزہ لیا جائے تو درج ذیل چیزوں کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے جو ٹنڈرا کی بہتری کیلئے ٹی آر ڈی کی طرف سے لگائی گئی ہیں مثلاً
بیرونی ساخت (Exterior)
ٹی آر ڈی ڈبل پرفارمنس ایگساسٹ سسٹم (TRD Performance Dual Exhaust System)
ٹنڈرا ٹی آر ڈی پرو میں ڈبل ایگساسٹ سسٹم خوبصورت اور بھاری آواز فراہم کرتا ہے۔ جو شائقین کی سماعتوں کو محظوظ کرنے کے ساتھ ڈرائیور میں جوش او ر ولولہ پیدا کرتا ہے۔ دھویں کے اخراج کا یہ دوہرا راستہ انجن میں موجود دھویں کو بہتر اخراج فراہم کرتا ہےجس سے انجن پر دباؤ کم پڑتا ہے اور گاڑی کی رفتا ر میں اضافہ ہوتا ہے۔
شاک اور سپرنگ (TRD Pro Bile stein Shocks and TRD Tuned Front Spring)
ٹی آر ڈی پرو بلسٹین شاک اور ٹی آر ڈی ٹیونڈ نرم ، لکچدار اور مضبوط سپرنگ ٹنڈرا کی جان سمجھے جاتے ہیں۔ 2.5 انچ موٹائی کے یہ سپرنگ ہر طرح کے ناہموار اورپتھریلے ٹریک پر جمپ برداشت کرنے کی زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں ۔
سامنے والی سکڈ پلیٹ (TRD Pro Front Skid Plate)
سکڈ پلیٹ ایلومینیم دھات سے بنی ہوتی ہے جس پر موٹے سلور پاؤڈر کا لیپ دیا جاتا ہے جس کی موٹائی 4/1 انچ ہوتی ہے۔ TRD کی بنائی ہوئی یہ پلیٹ ٹنڈرا کے انجن کو پتھروں، شاخوں اور دیگر آلودگی سے محفوظ رکھتی ہے اس کے علاوہ یہ انجن کے شور کو باہر آنے سے روکتی ہے تاکہ شور کی آلودگی سے بچاجاسکے۔
کارگو ٹوٹ (Cargo Tote)
ٹنڈرا پِک اپ کا پچھلا کھلا حصہ جوعموماَ سامان رکھنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے مختلف حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ TRD نے اسکی پارٹیشن کیلئے خاص طور پر جال اور پارٹیشن باکس ترتیب دیئے ہیں ۔
رئیرسوے بار (TRD Rear Sway Bar)
ٹی آر ڈی (TRD) کے بنائے ہوئے سوے بار گاڑی کے پچھلے ٹائروں کے درمیان لگائے جاتے ہیں جو گاڑی کو مضبوطی فراہم کرتے ہیں۔ یہ سوے بار آف روڈ ڈرائیونگ کے دوران ٹیوٹا ٹنڈرا کی جان سمجھے جاتے ہیں۔
گلاس بریکیج سینسر/ سکیورٹی سسٹم (Glass Breakage Sensor)
گاڑی کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے اس میں کی لیس ) (keyless انٹری سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹنڈرا میں حساس سنسر اور مائیکروفون لگائے گئے ہیں ۔اگر کوئی گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو گاڑی کا الارم بجنا اور اندرونی لائٹس جلنا شروع ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر کوئی گاڑی چوری کرنے کی کوشش کرے تو گاڑی کا سٹارٹر ڈِ س ایبل (Disable) ہو جاتا ہے۔
اندرونی ساخت (Interior)
جہاں ٹیوٹا ٹنڈرا باہر سے خوبصورت ،دلکش اور دلفریب ہے وہیں اندر سے بھی اتنی ہی کشادہ ،صاف اور آرام دہ ہے ۔اندرونی ساخت کا جائزہ پیش نظر ہے ۔
دروازوں کی انٹرینس کی حفاظت (Door Sill Protectors)
ٹنڈرا میں دروازوں کے پایوں کی حفاظت کے لیے پروٹیکٹر لگائےجاتے ہیں تا کہ گاڑی میں بیٹھتے اور اترتے وقت رنگ خراب نہ ہو ۔
فرسٹ ایڈ کٹ (First Aid Kit )
کسی بھی قسم کےحادثہ کی صورت میں ڈرائیوراورگاڑی میں موجوددوسرےلوگوں کوبنیادی علاج فراہم کرنے کےلیےٹنڈرامیں فرسٹ ایڈ کٹ بھی موجود ہوتی ہے۔
ائیر بیگ (Air Bag)
ٹنڈرا میں سوار ڈرائیوراوردوسرےلوگوں کی حفاظت کےلیےٹیوٹانےنہ صرف ڈیش بورڈمیں ائیر بیگ لگائےہیں بلکہ دونوں اطراف سارےدروازں میں بھی آٹھ ائیربیگزکااضافہ کیاہےجوکسی بھی حادثہ کی صورت میں اندربیٹھےلوگوں کوحفاظت فراہم کرتے ہیں۔
ٹی آر ڈی پروشفٹ ناب (TRD Pro Shift Knob)
ٹنڈرا ایک آٹو میٹک گاڑی ہے جسے مختلف پاور موڈز میں لانے کے لیے شفٹ ناب کا استعمال کیا جاتا ہے ٹنڈرامیں یہ شفٹ ناب ٹی آر ڈی کا لگایا گیا ہے جو نہ صرف خوبصورت اور مضبوط ہے بلکہ اپنی مرضی سے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔
یونیورسل ٹیبلٹ ہولڈر (Universal Tablet Holder)
ٹنڈرامیں یونیورسل ٹیبلٹ ہولڈر لگایا گیا ہے جو ہر طرح کے ٹیبلٹ کو حفاظت کے ساتھ پکڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کی مدد سے گاڑی میں بیٹھے تمام لوگ با آسانی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
انڈر سیٹ سٹوریج (Under Seat Storage)
ٹنڈرا میں پچھلی سیٹوں کو فولڈ کرنے کا آپشن موجود ہےجس سےکافی جگہ خالی ہو جاتی ہے اور ضرورت کا سامان باآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ لایا جا سکتا ہے۔
پرفارمنس( Performance )
دوران ریس ٹنڈرا کی پرفارمنس کو بہتر بنانے کیلئے ٹیوٹا ریسنگ ڈویلپمنٹ (TRD) کی طرف سے بہت سےپارٹس لگائے جاتے ہیں ۔
ٹی آر ڈی پرفارمنس آئل فلٹر ) (TRD Performance Oil Filter
ٹنڈرا میں ٹی آر ڈی (TRD) آئل فلٹر استعمال کیا جاتا ہے جس میں سنتھیٹک فائبر (Synthetic Fiber) لگے ہوتے ہیں جو انجن آئل کو صاف کرتے ہیں اور انجن گرم ہونے پر بھی گاڑی کی پرفارمنس میں کمی واقع نہیں ہوتی۔
جاپانی ٹیوٹا کے امریکی مینیو فیکچر سنٹر میں بننے والی یہ گاڑی (TUNDRA TRD Pro) نہ صرف دِکھنے میں خوبصورت ہے بلکہ آف روڈ ڈرائیونگ کے شوقین حضرات کیلئے ایک انمول تحفہ بھی سمجھا جاتا ہے۔ ٹیوٹاکمپنی آف روڈ ڈرائیورز کی توجہ حاصل کرنے اور ریس کے میدان آباد کرنے کیلئے ایسی گاڑیاں بنانے میں اپنی مثال آپ ہے۔