کھیلوں کی انفرادی، معاشرتی اور ملکی اہمیت
"جِس مُلک کے میدان آباد ہوں اُس کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں"
اِس قول کے پیشِ نظرکھیل ایک صحت مندانہ عمل ہے جوبہت سی خصوصیات کا حامل ہے ۔ کھیل نہ صرف ہر فرد کی انفرادی سطح پرجسمانی، نفسیاتی اورذہنی نشوونما کرتے ہیں بلکہ اِس کے سنوارنےمیں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتےہوئے ملکی لیول پر اپنے اثرات مرتب کرتے ہیں اور افرادکوہیجان اوربےراہ روی کاشکار نہیں ہونےدیتے ۔ معاشرتی سطح پرکھیلوں جیسی صحت افزاء سرگرمیاں معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دیتی ہیں۔ باالفاظ دیگرکھیل جتنا فروغ پاتے ہیں اسی تناسب سے معاشرے میں مثبت رویے پروان چڑھتے ہیں اور لوگوں میں محنت، لگن، ولولہ، جذبہ، دلیری، شوق، حوصلہ اورہمت جنم لیتے ہیں۔ جہاں انسان جیت کی خوشی مناتا ہے وہیں ہار کر ایک نئے ولولے کے ساتھ دوبارہ جیتنے کی امید لگائے میدان میں اترتا ہے۔
کھیل جہاں معاشرے میں مذکورہ خوبیوں کوسموئے ہوئے ہیں وہیں برداشت اورسپورٹس مین شپ کی کوالٹی بھی کھیلنے والوں میں اجاگرکرتے ہیں۔ نوجواں انہی کھلاڑیوں کو اپنی عملی زندگی میں آئیڈیل گردانتے نظر آتےہیں۔ معاشرے میں کھیل کی سرگرمیاں سرانجام دینے سےاجتماعیت کی فضاء پیدا ہوتی ہے اور نہ صرف ٹیموں میں بلکہ دیگر ممالک میں روابط بھی مضبوط ہوتے ہیں۔ معاشرے کے صحت افزاء اور توانا ہونے کا انحصارمعاشرے میں مختلف کھیلوں کے انعقاد پرہے۔
دورِ جدید میں کھیلوں کی اہمیت کا دائرہ کار انفرادی اور اجتماعی(معاشرتی ) سےبڑھ کرملکی لیول پرپہنچ چکا ہے ۔ مختلف ممالک کے مابین کھیل سے ہی ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے جِس سے دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہوتا ہے اور ایک دوسرے کو قریب سے دیکھنےاور ملنے کا موقع مِلتا ہے جو کہ ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوتا ہے۔
مختلف ممالک میں کھیلوں کی اہمیت صرف تعلقات بڑھانے اور دوستانہ روابط قائم کرنے تک ہی محدود نہیں بلکہ اِن کی آمدنی کا انحصار کھیلوں کے انعقاد پر ہے۔ جیسا کہ United States Motorsports Association کی ایک تحقیقی رپورٹ (Motorsports Impact Report) کے مطابق امریکہ کی آمدن میں اربوں ڈالر موٹرسپورٹس کے انعقاد سے حاصل ہوتے ہیں۔ جبکہ بہت سے ممالک سیروسیاحت سے کافی زرمبادلہ کماتے ہیں۔ اِس طرح کھیلوں کا باقاعدہ انعقاد امن کا پتہ دیتا ہے جو دوسرے ممالک سے لوگوں کو اپنی طرف کَھینچنے کا باعث بنتا ہے۔
حکومت پاکستان کو بھی مختلف قسم کے گیمز کا بین الاقوامی سطح پر انعقاد ممکن بنانا چاہیے تا کہ ملکی ترقی کے ساتھ سیر و سیاحت میں بھی اِضافہ ہو سکے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیرملک کےلئے حکومتی سطح پرموٹرسپورٹس کے ایوینٹس غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کاباعث بنیں گے جِس سے پاکستانی ثقافت ساری دنیا میں متعارف ہوگی۔ کھیلوں کے انعقاد اورسیاحوں کی پاکستان میں آمد سے نہ صرف عالمی سطح پر ملکی ساخت بہتر ہو گی بلکہ آمدن میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ ہر ملک اپنے خوبصورت علاقوں کو ساری دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے مختلف مواقع پیدا کرتا ہے پاکستان خوبصورت اور حسین علاقوں سے مالا مال ہے جس کے میدانوں اور وسیع صحراؤں میں آف روڈ ریلیز کا انعقاد مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ اِن علاقوں میں اس طرح کی گیمزدنیا بھرمیں پاکستان کا نام روشن کرنے اور اس کے تشخص کو بہتر بنانے میں نہ صرف مدد گار ثابت ہوں گے بلکہ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک کی طرح پاکستان کے ذرائع آمدن میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔