ہینسی وینم ایف-5
Blog Single

ہینسی وینم ایف-5

Hennessey Venom F5

عہدحاضرکی تیز ترین کار(مختصر تعارف)

اسرار احمد

گاڑیوں  کا تقابلی جائزہ یوں تو اِن کے آرام دہ سفر، آسان ڈرائیو، فیول کی کم کھپت، بہتر ایوریج یا ان کی بیرونی اور اندرونی  خوبصورتی کی بنیاد پرکیا جا تا ہے- ان تمام خصوصیات کے باوجود جوچیزانسان کی توجہ زیادہ اپنی طرف مبذول کراتی   ہے وہ گاڑی کی حد رفتار ہے- کونسی کار کم وقت میں زیادہ فاصلہ طے کر سکتی ہےیا اِس کی زیادہ سے زیادہ کتنی سپیڈ ہو گی، اِس بنیاد پر بھی گاڑیوں کو جانچا جاتا ہے-

گاڑیوں  کی اسی تیز رفتاری نے نہ صرف ڈرائیورز کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے بلکہ کاریں بنانے والی کمپنیوں کو بھی ایک نہ ختم ہونے والی دوڑ میں لگا دیاہے- ہر کار بنانے والی کمپنی کی خواہش اور کوشش ہے کہ وہ اپنے گاہکوں کےلئےدنیا کی تیز رفتار اور محفوظ ترین کار پیش کرے- اسی کوشش میں ہم پہلے دیکھتے ہیں کہ بوگاٹی، کوئن سیگ اگیرا( Koenigsegg Regera) اور فیراری کمپنیاں اپنی تیز رفتار کاریں پیش کر چکی ہیں-

تیزرفتاری کی اس دوڑمیں فی زمانہ جو گاڑی سب سےآگےہےہم اپنے قارئین سےاس گاڑی کا تعارف کروانا چاہتے ہیں جس کا نام ہینسی وینم ایف فائیو  (Hennessey Venom F5)ہے- جو کاریں بنانے والی کمپنی ہینسی کی تیارکردہ ہے- ہینسی نے اس کام کا آغاز 2017ء میں کیا- گاڑیاں بنانےوالی یہ نئی کمپنی ہےجس نے کاریں بنانے کی صنعت میں  دیگرکمپنوں کے مدمقابل بہت بعدمیں لیکن اپنی مقبولیت اور مقام میں  بہت جلدقابلِ اعتماد اوراعتبارحاصل کیا ہے-

ہینسی کارکی کوشش ہے کہ وہ اپنے گاہکوں کی توجہ حاصل کرنے کےلئےدنیا کی تیز ترین کار بنائے جو نہ صرف سپیڈ کےپچھلےتمام ریکارڈ توڑ دے بلکہ نئے ریکارڈبھی قائم کرے- ایک طویل عرصےتک اپنے گاہکوں کےدل موہ لےاورکمپنی کی ترقی کاباعث بھی بنے- اپنے اسی مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہینسی وینم نےایف فائیوکا ماڈل تیارکیا جوکہ مختلف ٹیسٹ اور امتحانات کےمراحل سےگزر چکاہےاور انہی مراحل کے دوران یہ کار ثابت کرچکی ہے کہ یہ آ نے والے دور میں دنیا کی تیز ترین کار شمار ہوگی-

ہینسی کمپنی کے مطابق  ہینسی وینم ایف فائیو485 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے- اس سے پہلے جس کار کو یہ اعزاز حاصل ہے وہ کوئین سیک اگیرا آئرک ہےجو کہ 445 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے- یعنی ہینسی وینم ایف فائیو 40 کلومیٹر فی گھنٹہ زیادہ رفتار سے دنیا کی تیز ترین کار شمار ہوگی- کیونکہ یہ کار ابھی تیاری کے مراحل اور مختلف تجربا ت سے گزر رہی ہے اس لئے اس کا ریکارڈ ابھی گینز بک میں درج نہیں ہوا- ابھی تک دنیا کی تیز ترین کار کا اعزاز کوئن سیگ اگیرا کو ہی حاصل ہے- کمپنی کا دعوی ہےکہ ہینسی وینم ایف فائیوکو جب دنیا کے سامنے باقاعدہ طور پر پیش کیا گیا تو  یہ دنیا کی تیز ترین کار شما ر  ہوگی-

تصویر 01

کمپنی نے ہینسی وینم ایف فائیوکی تیاری کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھاہے کہ تمام پرزےاورآلات گاڑی کی  سپیڈ کے دوران بہتر کام کریں، رفتارکو برقرار رکھ سکیں  اورگاڑی کو سنبھال سکیں- اس کی شکلAerodynamics کو مدنظررکھتے ہوئے اس طرح سے بنائی گئی ہے کہ تیز سپیڈ کے باوجودگاڑی سڑک پر جمی رہتی ہے- ہینسی وینم ایف فائیو کی پوری باڈی کاربن فائبر سے تیار کی گئی ہے اس کا وزن 2950 پونڈ ہے- اس گاڑی میں کمپنی نے 7.6 لیٹر7400سی سی 1600 ہارس پاور کادوٹربو وی ایٹ  انجن  لگایا ہے جو کہ اس کار کی جان ہےاس کار کی تیز رفتاری کا انحصار یہی انجن ہے- اسی انجن کی وجہ سے یہ کار صرف 30 سیکنڈ میں 400 کلومیٹر کی سپیڈ پر چلی جاتی ہے اور زیرو پوائنٹ پر واپس آ سکتی ہے- اتنی تیزرفتار کوکنٹرول کرنے کےلیے اس چیز کا خاص خیال رکھا گیا ہےکہ اس کابریک اورکنٹرول سسٹم اس طریقے سے ڈیزائن کیاجائےکہ اتنی تیز سپیڈ کے باوجود گاڑی ایمرجنسی میں رک جائے اور ڈرائیورکے کنٹرول میں بھی رہے-

تصویر 02

ہینسی وینم ایف فائیوکویہ منفرداعزازبھی حاصل ہے کہ یہ دنیاکی واحد گاڑی ہے جوایک ہی چھت کے نیچے تیارکی گئی ہے یعنی اس کے تمام پرزہ جات ایک ہی جگہ پرتیارہوئے ہیں- جس میں باڈی، انجن اورتمام حصے ایک ہی  جگہ پرتیارکیے گئے ہیں- ہینسی وینم ایف فائیو کا لفظ ایف فائیوٹورنیڈوسےلیاگیاہے- جودنیاکاتیزترین ٹورنیڈو تھا، جس کی رفتاردوسوبیس کلومیٹرسے پانچ سوبارہ کلومیٹرفی گھنٹہ تھی-   وینم ایف فائیوکوامریکہ میں یکم نومبر2017ء  کو ایک شو میں پیش کیا گیا- اسی وقت سے شائقین کواس کارکی آمد اوراس کی ڈرائیو کرنے کابڑی شدت سےانتظارہے- یہ گاڑی سولہ سوہارس پاور کےساتھ ساتھ تیرہ سو پونڈ ٹارک بھی پیداکرتی ہے جوکہ اس بات کی ضمانت ہے کہ گاڑی چارسو کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے جائے اورپھر واپس آکرزیروپوائنٹ پررک جائے، جوکہ صرف تیس سیکنڈ میں ممکن ہوسکتاہے بلکہ تیس سے بھی کم سیکنڈ میں یہ گاڑی زیروسے چارسوکلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارپر  جاتی ہے اورپھرواپس زیروپرآجاتی ہے- اس گاڑی کی اتنی طاقت کوسنبھالنے کے لیے اس کی ٹرانسمشن میں بھی اس بات کاخیال رکھاگیاہے کہ وہ اس انجن کی پاورکوہینڈل کرسکے اور اس کو پورے طریقے سے گاڑی کے پہیوں تک پہنچاسکے- اس گاڑی میں 7سپیڈ سنگل کلچ سیمی آٹومیٹک ٹرانسمشن دی گئی ہے جوکہ پیڈل شفٹ کے ساتھ ہے اوراس بات کویقینی بناتی ہے کہ وہ انجن اورگاڑی کے بقیہ حصوں تک پہنچے-

یکم نومبر 2017ء میں اپنی پہلی تقریب رونمائی کے بعد سے یہ گاڑی اپنے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائے ہوئے ہے- ان کواس کی آمد کا بے صبری سے انتظارہے، لیکن اس کی قیمت کی وجہ سے اس کے ہرچاہنے والے کی رسائی ناممکن ہے- سیمی آٹومیٹک ٹرانسمشن کے ساتھ ساتھ یہ گاڑی 6سپیڈ مینول ٹرانسمشن میں بھی آئی ہے تاکہ جولوگ مینول گاڑیاں زیادہ پسندکرتے ہیں ان کی پسند کاخیال بھی رکھاجاسکے-

کمپنی نے اس گاڑی کی قیمت 1.6ملین ڈالررکھی ہے جو ایک آدمی کی سوچ سےبھی باہرہےاوردنیاکے چندامیرترین لوگ ہی اس کوخرید سکتے ہیں- اس گاڑی کی ایک اورنایاب بات جواس کو چاہنے والے اورخریدنے والے کی پہنچ سے دورلے جاتی ہے، اگرچہ کوئی اسےخریدنے کی استطاعت رکھتابھی ہو کہ اس طرح کی چوبیس کاریں ہی بنائی جائیں گی اوروہ کمپنی کے مطابق چوبیس کی چوبیس بک چکی ہیں- لہذااگرآپ اسے خریدنے کی استطاعت رکھتےبھی ہیں  توآپ کمپنی سے اسےنہیں خریدسکتے- اس کے لیے آپ کوان لوگوں سے رابطہ کرناپڑے گاجواس کوخریدچکے ہیں-

تصاویر کریڈٹ: hennesseyperformance.com

پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ