پاکستان آف روڈ ریلیز اور دفاعی اداروں کا کردار
Blog Single

پاکستان آف روڈ ریلیز اور دفاعی اداروں کا کردار

پاکستان کے دفاعی ادارے قومی سلامتی، مفاد عامہ، قیام امن، ملکی سرحدوں کو دشمن سے محفوظ رکھنے اور اندرونی خطرات سے نمٹنے میں پیش پیش ہوتے ہیں- کسی بھی قدرتی آفت کا سامنا ہو یا ہنگامی صورتحال، افواج پاکستان پیشِ خدمت نظر آتی ہے- پاکستان کے دفاعی اداروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے کبھی دریغ نہ کیا اور آخر کار اپنی عظیم قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا- آج پوری دنیا پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کی معترف ہے-

اس ضمن میں پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور سیاحتی مقامات کو پُر امن بنانے کے لیے پاکستان کی افواج کے مثبت کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا- دفاعی اداروں نے اس سلسلہ میں ہر طرح سے مکمل تحفظ فراہم کیا، اس کی بہترین مثال گزشتہ چند سالوں میں پاکستان میں آف روڈ ریلیز کو فروغ ملنا ہے- ماضی میں اس کھیل سے عوام خاص طور پر نوجوانوں کو اتنی شناسائی نہیں تھی- لیکن سال2016ءکے بعد سے اس کھیل کو عوامی سطح پر فروغ ملنا شروع ہوا- پاک آرمی نے اپنی سربراہی میں خنجراب سے گوادر تک ریلی کا انعقاد کیا جس سے عوام کا حوصلہ بلند ہوا اور ریلیز کے حوالے سے آگاہی پیدا ہوئی- ایک طرف اب نوجوان ریسرز اپنی پسندیدہ اور مہنگی گاڑیوں کو تیار کروا کر بے خوف و خطر ریلیز میں حصہ لے رہے ہیں اور دوسری جانب شائقین کا ذوق بھی بڑھتا جا رہا ہے، اسکی بنیادی وجہ امن کا قیام اور جان و مال کا تحفظ ہے-

پاکستان کے ایسے علاقے جہاں عام لوگ جانے سے خوفزدہ ہوا کرتے تھے اب وہاں آف روڈ ریلیز کا انعقاد ہو رہا ہے، ہزاروں کی تعداد میں شائقین ریس دیکھنے آتے ہیں- شائقین میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں فیملیز بھی وہاں موجود ہوتی ہیں- یہ سب دفاعی اداروں کی انتھک محنت کے ثمرات ہیں جنہوں نے اپنی جان کے نذرانے پیش کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا- آف روڈ ریلیز کے انعقاد کے لئے مختلف انتظامی باڈیز ہوتی ہیں جو کہ ریس ٹریک اور دیگر انتظامی معاملات کو دیکھتی ہیں اس کے پس پشت دفاعی اداروں کا اہم کردار ہوتا ہے جو کہ ریلی کو ہر طرح سے محفوظ بنانے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا کام کرتے ہیں-

گزشتہ ایک عرصے سے پاکستان آف روڈ ریسنگ کے فروغ اور اس کی ترقی کی جانب گامزن ہے- پاکستان میں آف روڈ ریلیز کی کامیابی دفاعی اداروں کے کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے آف روڈریلیز کامیابی سے ہمکنار ہورہی ہیں اور ملک کے طول و عرض سے نوجوان ریسرز ان ریلیز میں حصہ لیتے ہیں جبکہ غیر ملکی شائقین بھی ان ریلیز کو دیکھنے پاکستان آتے ہیں- پاکستانی ریسرز کا اپنے دفاعی اداروں پر یہ اعتماد ہے کہ اگر پاکستان آرمی کی نگرانی میں وزیرستان میں بھی ریس کا انعقاد کیا جائے تو ہم بھر پور شمولیت کریں گے جبکہ اس سے پہلے بولان میں بھی پاک آرمی ایک کامیاب و شاندارآف روڈ ریلی منعقد کروا چکی ہے- مارچ2021ءمیں افواج پاکستان کے زیرِ نگرانی ڈیرہ اسماعیل خان میں پہلی آف روڈ ریلی کا انعقاد کیا گیا جو کہ کامیاب رہی- دفاعی اداروں کی سخت محنت کے بعد پر امن ریلیز کے انعقاد سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے اجاگر ہو رہا ہے- ایسے ایونٹ پاکستان میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہیں- دفاعی اداروں کی بھر پور محنت سے پاکستان میں آف روڈ ریسنگ کا اعتماد بحال ہو رہا ہے- انشاءاللہ مستقبل قریب میں بین الاقوامی ریسرز بھی پاکستان اف روڈ ریلیز میں حصہ لیں گے-

پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ