فورڈ مَیوِیرِک (FORD MAVERICK)2022 ءجدت سے لیس شاندار ٹرک
Blog Single

فورڈ مَیوِیرِک (FORD MAVERICK)2022 ءجدت سے لیس شاندار ٹرک

عبدالباسط

ہنری فورڈ(Henry Ford) نے 1903 ء میں فورڈ کمپنی (Ford) کی بنیادآٹوموبیل اور کمرشل گاڑیاں بنانے والی کمپنی کے طور پر رکھی- سو سال سے زائد عمر رکھنے والی ملٹی نیشنل فورڈ(Ford)کمپنی ہر طرز کی گاڑیاں بنانے میں اپنی پہچان آپ ہے جس کا صدر دفتر ڈربن، مِشی گن(Dearborn, Michigan)میں ہے- آٹوموبیل میں جِدت، پائیداری اور تیز رفتاری فورڈ کو دوسری کمپنیوں سے نمایاں کرتی ہے- دُنیا کا شائد ہی کوئی علاقہ یا خطہ ہو گا جو فورڈ کمپنی کی گاڑیوں، ٹریکٹروں اور ٹرکوں سے مستفید نہیں ہو رہا ہو گا- دُنیا کے طول و عرض میں کسٹمر رکھنے والی یہ کمپنی بہت سی مشکلات کا سامنا کرتی ہوئی آج جِس مقام پر پہنچی ہے وہ قابل ستائش ہے-

فورڈ کی آف روڈ گاڑیاں ہوں یا آن روڈ؛ ہر قسم اپنی ساخت، بناوٹ، خوبصورتی، پائیداری، رنگ، رفتار اور آرام دہ ڈرائیو میں اَپنا ثانی نہیں رکھتیں- دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ فورڈ کاریں اور آف روڈ ٹرک کافی مقبولیت کے حامل ہیں- ماحول دوست اور پولیوشن فری پالیسی کو اپناتے ہوئے فورڈ نے جدید الیکٹرک (Electric) اور ہائیبریڈ (Hybrid) گاڑیاں بھی متعارف کروائی ہیں جو ہر لحاظ سے ماڈرن تصور کی جاتی ہیں- 2020 ء سے فورڈ کمپنی تین کار برینڈز چلا رہی ہے جِن میں فورڈ (Ford)، لنکولن (Lincoln) اور ٹرولر (Troller) شامل ہیں-

میَوِیرِک (MAVERICK)

فورڈ نے اپنے کسٹمرز کی ڈیمانڈ اور مارکیٹ میں موجود اپنے کمپیٹیٹرز کو دیکھتے ہوئے 2022ء کےلئے خاص ہائیبرڈ (Hybrid)آف روڈ ٹرک بھی متعارف کروائے ہیں جو وقت کی ضرورت کے عین مطابق نہ صرف ماحول دوست بلکہ طاقتور، مضبوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظر آتے ہیں، جن میں ماوِیرِک ایکس ایل (MAVERICK XL)، ماویرِک ایکس ایل ٹی (MAVERICK XLT)، ماویرِک لیریئٹ (MAVERICK LARIAT) اور ماویرِک لیریئٹ فرسٹ اَیڈِیشن (MAVERICK LARIAT FIRST EDITION) شامل ہیں- اگر ماویرِک (MAVERICK) کے 2022 ء کے ماڈل کا جائزہ لیا جائے تو اِسے (2.5L) فُل ہائیبریڈ اِنجن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے- جو طاقت، رفتار اور ماحول دوستی میں اپنا ثانی نہیں رکھتا- ہم یہاں ماوِیرِک ایکس ایل (XL MAVERICK) کا مطالعہ کریں گے جِس کی مندرجہ ذیل خصوصیات ہیں-

ماوِیرِک ایکس ایل کشادہ، لمبا، چوڑا اور پہلے سے مضبوط بنایا گیا ہے- اِس کا فریم اِس کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو ہر طرح کی سختی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے-

اِنجن Engine

ماوِیرِک میں (2.5L) فُل ہائیبریڈ اِنجن لگایا گیا ہے- اِس کے علاوہ (2.0L) ایکو بوسٹ (Eco Boost) اِنجن کے ساتھ کسٹمر کی ڈیمانڈ پر بھی مہیا کیا جاتا ہے- اِس اِنجن سے پیدا ہونے والی ٹرک کی آواز شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے- امریکہ میں تیار کیا جانے والا یہ ٹرک ہر اعتبار سےایک ایجاد سمجھا جارہا ہے- اس گاڑی میں ای -سی وی ٹی (e-CVT) ٹرانسمیشن کے ساتھ آٹھ آٹو سپیڈ (8-Speed Automatic) گیئرکا اِستعمال کیا گیا ہے جو مزیدار اور مسلسل ڈرائیو کا مزہ دیتے ہیں- گاڑی اوسطاً 37میل فی گیلن کے حساب سے فاصلہ طے کرتی ہے- اِس میں 2.0L اِیکو بوسٹ اِنجن بھی لگایا جا سکتا ہے جو 250 ہارس پاور کے ساتھ 277lb-ft)) ٹارک مہیا کرتا ہے-

فلیکس بیڈ (FLEXBED)

4.5 فُٹ کا بیڈ گاڑی میں کشادہ جگہ مہیا کرتا ہے- جِس میں مختلف سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ باآسانی منتقل کیا جا سکتا ہے- بوقت ضرورت ٹیل گیٹ کو کھول لیا جاتا ہے جو گاڑی کے بیڈ کو چھ فُٹ تک کُشادہ کر دیتا ہے- مُختلف قسم کے ہُک اور ٹُول گاڑی میں سامان کو باندھنے کے لئے آسانی فراہم کرتے ہیں- اِس ٹرک میں 400 واٹ اور 110 وولٹ کی ساکٹ بھی لگائی گئی ہیں - گاڑی کے بَیڈ کا یہ نیا ڈیزائن بہت سارے حصوں میں با آسانی تقسیم ہو جاتا ہے جو بہت سارا سامان اپنے اندر سمو لیتا ہے-

اِنٹیرئر ڈیزائن

باہر سے خوبصورت اور دِلکش نظر آنے والا یہ ٹرک اپنی ساخت اور ڈیزائن کے اعتبار سےبھی کافی دِلنشین ہے-

سیٹینگ (Seating)

اِس ٹرک کی پانچوں سیٹیں لیدر کی بنی ہوئی نرم اور آرام دہ ہیں- پچھلی سیٹوں میں درمیانی سیٹ بوقتِ ضرورت فولڈ ہو جاتی ہے جو کہ سامان رکھنے کے کام آسکتی ہے-

ریئر سیٹ سٹوریج (Rear Storage)

پچھلی ساری سیٹیں الگ سے بھی فولڈ ہو جاتی ہیں جن کے نیچے کافی سارا سامان رکھا جا سکتا ہے- اندرونی طور پر یہ جگہ سامان کو بحفاظت پہنچانے میں کارگر ثابت ہوتی ہے-

کاکپٹ (Cockpit)

اندر سے گاڑی کا ڈیزائن اور سٹرکچر بیٹھنے والے کو انتہائی خوبصوت احساس دلاتا ہے- اس میں لگی ایل سی ڈی (LCD) ہر طرح سے جدید تصور کی جا سکتی ہے جو بہت سارے فیچرز کی حامل ہے- اِس ٹرک کی چھت میں شیشہ لگایا گیا ہے جہاں سے روشنی اور تازہ ہوا کا مزہ لیا جاسکتا ہے-

ڈور پاکٹ سٹوریج (Door Pocket Storage)

گاڑی کے دروازوں میں سٹوریج کے لئے جگہ رکھی گئی ہے جس میں بوتل، فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ وغیرہ رکھے جا سکتے ہیں-

ساؤنڈ سسٹم (Sound System)

چھ سپیکروں کے ساتھ، ایپل کار پلے (Apple Car Play) اور اینڈرائیڈ آٹو (Android Auto) سسٹم انسٹال کیا گیا ہے جو بَیس (Bass) کے ساتھ خوبصورت اور دلکش آواز سے لطف اندوز کرتا ہے-

کو پائیلٹ سسٹم (Copilot System )

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لئے اِس موڈ کو آن کر دیا جاتا ہےجو ڈرائیور، گاڑی اور اِس میں موجود لوگوں کو ہر طرح کے حادثے سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے-

جدید ڈرائیونگ موڈز

دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ یہ ٹرک جہاں بہت سارے فیچرز کا حامل ہے وہیں اس میں ڈرائیور اور اندر بیٹھے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کچھ نئے فیچرز بھی شامل کئے گئے ہیں-

آٹو ہائی بیم ہیڈلیمس (Auto High-Beam Headlamps)

اِ س فیچر نے ڈرائیورکو کافی مدد فراہم کی ہے- جہاں بھی روشنی کم ہوتی ہے اِس سسٹم کی بدولت گاڑی کی تیز روشنی والی لائٹیں آن ہو جاتی ہیں- ڈرائیور کی آنکھوں میں سامنے سے پڑنے والی روشنی کا مقابلہ کرنے اور ڈرائیور کو واضع راستہ دکھانے کے لئے بھی یہ سسٹم کافی مدد فراہم کرتا ہے-

پری کولیئن سسٹم (Pre Collision System)

سیفٹی موڈ میں گاڑی اَپنے سے آگے والی گاڑی سے مخصوص فاصلہ کنٹرول کرتی ہے اور فاصلہ کم ہونے کی صورت میں الارمنگ سسٹم ڈرائیور کو آگاہ کرتا ہے- اگر ڈرائیور لاپرواہی کرے تو گاڑی کا آٹومیٹک بریک سسٹم آن ہو جاتا ہے جِس سے سپیڈ کم ہو جاتی ہے- اِس سسٹم کو فارورڈ کولیئن وارننگ پلس (Forward Collision Warning-Plus) کہا جاتا ہے-

رئیرویو کیمرہ (Rare View Camera)

اِس گاڑی کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اِس میں ایسا کیمرہ لگایا گیا ہے جو گاڑی کے پچھلی جانب واضع دِکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے جِس سے ڈرائیور باآسانی اپنا سفر جاری رکھ سکتا ہے-

کراس ٹریفک الرٹ (Cross Traffic Alert)

اِس کے علاوہ بلائینڈ سپاٹ مانیٹرنگ (Blind-Spot Monitoring) سسٹم بھی لگایا گیا ہے جو پیچھے یا قریب سے گزرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرتا ہے اِس سسٹم سے سائیڈ شیشوں میں ایک سرخ رنگ کا سپاٹ جلنا (Blink) شروع ہو جاتا ہے تا کہ ڈرائیور پیچھے موجود گاڑی سے آگاہ ہو سکے-

لین کیپنگ سسٹم (Lane keeping System)

یہ فیچر گاڑی کو اُس کی متعلقہ لین میں چلانے کیلئے مدد فراہم کرتا ہے- اِس سسٹم کے آن کرتے ہی ڈرائیور کو لین کے متعلق آگاہی ملنا شروع ہو جاتی ہے- جب گاڑی لین سے باہر جاتی ہے تو الارمنگ سسٹم ڈرائیور کو آگاہی دینا شروع کر دیتا ہے-

ایڈاپٹو کروس کنٹرول سسٹم (Adoptive Cruse Control System )

فورڈ کے اِس ماڈل میں کمپنی نے کافی زیادہ سکیورٹی اور سیفٹی فیچر متعارف کروائے ہیں- جو ڈرائیور کے لئے گاڑی چلانا اِنتہائی آسان اور آرام دہ بنا دیتےہیں- اِس کی مدد سے گاڑی کی رفتار سیٹ کی جا سکتی ہے جِس سے گاڑی خود بخود اُس سپیڈ پر چلتی رہتی ہے-

ایویسو سٹیئرنگ سسٹم (Evasive Steering System)

گاڑی کا یہ فیچر فورڈ ٹرک کو بہت سارے موجودہ ٹرکوں سے جُدا کرتا ہے جِس کے آن کرتے ہی زیادہ رش والی جگہ پرسٹیئرنگ سسٹم ڈرائیور کو ایکسٹرا قوت فراہم کرتا ہے جو گاڑی کو ٹکرانے سے محفوظ رکھتا ہے- اِس سسٹم کی موجودگی نے سکیورٹی سسٹم میں ایک نئی جان ڈال دی ہے جو کہ قابلِ ستائش ہے-

مندرجہ بالا خصوصیات کی بنیاد پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ فورڈ ٹرک واقعی طور پر ایک شاہکار ٹرک ہے جو کسی بھی طرح سے موجودہ آف روڈ ٹرکس سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے- فورڈ نے اپنی روایات کے عین مطابق 2022ء کے اِس ماڈل میں جو خصوصیات رکھی ہیں وہ اپنے کسٹمرز کے ساتھ نہ صرف محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ انہیں آرام دہ، مضبوط، تیزرفتار، کشادہ اور دیرپا ساتھ دینے والی گاڑیاں مہیا کرنے میں بھی کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی-

فوٹو کریٹ               : 

https://www.motor1.com/news/535208/ford-maverick-prewired-truck-bed/ 

   

پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ