ہواؤں کی دوست ، سپیڈ لورز کی محبت، دلیروں کی سواری
فیراری SF70H
(مختصر تعارف )
عبد الباسط
تعارف:
اینزو فیراری نے 1929 ء میں سکودیریا فیراری (Scuderia Ferrari) کی بنیاد ایک ریسنگ ٹیم کے طور پر رکھی جو الفارومیو (Alfa Romeo) کمپنی کی گاڑیاں ریس کے لئے استعمال کرتی تھی۔ 1938 ء میں جب الفا رومیو کمپنی کی مینجمنٹ نے الفا (Alfa) کے نام سےنئی ریسنگ ٹیم بنانے اور سکودیریا فیراری کو اس میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا تو اینزو فیراری نے الفا رو میو کمپنی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے 1939ء میں اپنی ذاتی فیراری کمپنی کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد سکودیریا فیراری کے لیے گاڑیاں تیار کرنا تھا۔
اٹلی کے شہر موڈینا (Modena) سے تعلق رکھنے والے اینزو فیراری (Enzo Ferrari) نے ستمبر 1939 ءمیں فیراری کمپنی کی بنیاد رکھی اور 1940ء میں اپنی پہلی کار(815 Tipo) آٹھ سیلنڈر کے ساتھ متعارف کروائی جس نے مِلی مِگلیا (Milli Miglia) ریس میں اپنا ڈیبیو کیا۔ جنگ عظیم دوئم کے دوران فیراری کمپنی زیادہ ترقی نہ کر سکی تو اینزو فیراری نے حالات نہ ساز گار ہونے کی وجہ سے 1943 ء میں فیکٹری اٹلی کے شہر مارانیلو (Maranello) منتقل کر دی جس دوران کمپنی گاڑیوں اور جہازوں کے پُرزہ جات بناتی رہی ۔1944ء میں اٹلی کے دشمنوں نے فیکٹری پر بمباری کر دی جس وجہ سے فیکٹری کو کافی نقصان پہنچا۔ 1945ء میں فیکٹری کو ازسرِنو تعمیر کیا گیا ۔ 1946ء میں فیراری نے V12 پاور فُل انجن کے ساتھ نئی کار متعارف کروائی اور 1947ء میں باقاعدہ طور پر اپنے نام (Ferrari Badged Car) کےساتھ پہلی ریس کار(Sport125) میدان میں اُتاری۔
فیراری کمپنی ریسنگ کارز کے علاوہ روڑ کارز بھی بناتی ہے جو خوبصورتی، بناوٹ اور روڈ گرِپ کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں فیراری کمپنی ا پنی F1 ( فارمولاون) ٹیم سکودیریا فیراری (Scuderia Ferrari) کیلئے گاڑیاں خود ڈیزائن اور تیار کرتی ہے۔
فیراری کا لوگو (Logo):
فیراری کا لوگو (Logo) بھی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے۔ پچھلی دو ٹانگوں پر دوڑتے ہوئے گھوڑے کا یہ نشان اٹلی ائر فورس کے نڈر ہوا باز فرانسیسکو باراکا (Francesco Baracca) کے لڑاکا طیارے پر بنایا جاتا تھا۔ جنگ عظیم اول میں فرانسیسکو باراکا کی موت کے بعد یہ نشان اینزو فیراری نے بارا کا کے والدین کی اجازت کے بعد اپنی گاڑیوں پر لگانا شروع کیا جو فیراری کمپنی کیلئے کامیابی اور نیک بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تکونی لوگو(Logo) میں پیلے بیک گراؤنڈ پر پچھلی ٹانگوں پر دوڑتا ہوا گھوڑا موجود ہے جسے پرینسنگ ہارس (Prancing Horse) کا نام دیا گیا ہے۔ لوگو میں S اور F کےحروف بھی شامل ہیں جو ٹیم کے نام سکودیریا فیراری (Scuderia Ferrari) کی وضاحت کرتے ہیں۔ لوگو کے سرے پر موجود تین رنگوں (سبز، سفید اور سرخ) کی لائنیں اٹلی کے قومی رنگوں کو ظاہر کرتی ہیں۔
سکودیریا فیراری (Scuderia Ferrari):
فارمولا ون (F1) میں سکودیریا فیراری (Scuderia Ferrari) ایک نامور اورکامیاب ترین ٹیم ہے جس نے سب سے زیادہ پندرہ (15) فارمولاون ڈرائیور پیدا کئے اور فیراری کا نام روشن کیا۔ سکودیریا فیراری (Scuderia Ferrari) نے ورلڈ فارمولا کی 945 ریسز میں حصہ لیا اور 228 ریسز جیتیں ۔ 221 پول پوزیشنز حاصل کرنے کے ساتھ 241 تیز ترین لیپس (Laps) بھی مکمل کئے۔ فیراری کنسٹرکٹرز کیٹگری کے سولہ (16) انعامات بھی اپنے نام کر چکی ہے ۔1951ء میں پہلی مرتبہ جوزی فروئیلن گونزالیز (Jose Froilan Gonzalez) ڈرائیور نے فیراری کیلئے گرینڈ پری (Grand Prix) میں پہلی (1st) پوزیشن حاصل کی۔ فیراری ٹیم (SF) کے موجوہ ڈرائیورز سیبسٹئن ویٹل (Sebastian Vettel) اور کیمی ریکونن (kimi Raikonen) ہیں جو بہت ساری F1 ریسز میں کامیابیاں حاصل چکے ہیں سیبسٹئین گٹئیرز (Sebastian Gutierrez) ریزرو (Reserve) ڈرائیور کے طور پر (SF) ریسنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔
فیراری (SF70H)
فارمولا ون کی گاڑیاں جہاں رفتار ، روڈ گرپ اور ڈرائیورز کی مہارت سے دوڑتی ہیں وہیں حالات اور ضرورت کے مطابق گاڑیوں کے ڈیزائن اور مکینیکل سٹرکچر کو تبدیل کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ عمومی طور پر فارمولا ون (F1) میں گاڑیوں کی تیاری اور رفتار کو کنٹرول کرنے کیلئے (FIA) فیڈریشن انٹر نیشنل دی آٹو موبیلز بہت سارے قوانین پر عمل درآمد کرواتی ہے۔ لیکن اس کے بر عکس 2016 میں (FIA) نےٖ F1 گاڑیوں کو اور زیادہ تیز اور پائیدار بنانے کی اجازت دے دی ، جس کے نتیجہ میں فیراری نے اپنا تریسٹھواں (63rd) ماڈل SF70H متعارف کروایا۔
فیراری کمپنی نےاپنی سترہیوں (70th) سالگرہ کے موقع پر اس نئی فارمولا ون ریسنگ کارکا نام اپنی ریسنگ ٹیم سے منسوب کرتے ہوۓ (SF) سکودیریا فیراری 70H رکھا ہے۔ جس نے اسٹریلیا فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ 2017 میں ڈیبیو کیا اورپہلی پوزیشن حاصل کی۔
فیراری (SF70H) کا جائزہ
فیرار ی کا یہ ماڈل جو نئے اصولوں کے مطابق فارمولا ون ورلڈ چیمئن شپ 2017 سیزن کے لئے تیار کیا گیا ہے اس میں مکینیکلی اور ساخت کے لحاظ سے بہت ساری تبدیلیاں کی گئی ہیں جو واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
انجن
انجن Engine)) : V6ٹربو چارج (Turbo Charged)
طاقت (Capacity) : 1600سی سی
میکس ریوس : (Max Revs) 1500 آر پی سی
فیول فلو (Fuel Flow): 100کلو گرام (ایک گھنٹہ میں زیادہ سے زیادہ)
فیول کپیسٹی (Fuel Capacity) : 105کلو گرام
بور ((Bore : 80ملی لیٹر
سٹوک (Stoke ( : 53 ملی لیٹر
والوز ((Valves : 04 والو ایک سیلنڈرمیں
انجکشن ((Injection : 500 بار ((Direct Injection
ای آر ایس سسٹم
ہر لیپ (Lap) کیلئے بیٹری انرجی: 4MJ
ایم جی یو۔ کے پاور(MGU-K Power) : 120KW
ایم جی یو۔ کے میکس ریوس MGU-K Max revs)): 50,000 آر پی ایم
ایم جی یو۔ایچ میکس ریوس MGU-H Max revs)): 1,25,000 آر پی ایم
وزن
728 کلو گرام (بشمول پانی، آئل اور ڈرائیور کے)
گیئر
8 اگلے گیئر
1 پچھلا گیئر
وہیل ((Wheel
13"انچ (او۔ زیڈ) وہیل
فریم /چیسس
کاربن فائبر چیسس (Carbon Fiber Chassis)
ہنی کومب مضبوط سٹرکچر (Honey Comb Composite Structure)
بیرونی ساخت
فیراری نے SF70H میں بہت ساری تبدیلیاں کی ہیں۔ جیسے منہ (ناک) کا سا ئز بڑا کر کے سامنے تِیر نما پَر، جو کہ گاڑی کی رفتار میں اضافے کے ساتھ روڈ گرِپ بھی مہیا کرتے ہیں ان کی تعداد بڑھا دی ہے۔ ایروڈئنامک کو کنٹرول کرنے کے لئے S-Duct میں تبدیلی کے ساتھ انجن کے اوپر والے کور میں فن (Fin) کا ڈیزائن تبدیل کیا گیا ہے۔
رول ہوپ (Roll Hoop) کے ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں لائ گئ ہے اور سسپنشن لے آؤٹ کو آگے سے پُش روڈ (Push Rod) اور پیچھے سے پُل روڈ (Pull Rod) بنایا گیا ہے۔ حَب اور وِہیل بُلٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی کی گئ تاکہ ریس کے دوران ٹائرز بدلنا آسان ہوں۔ پاور سٹئرنگ کے ساتھ بریک سسٹم بھی اَپ سائز کیا گیا ہے۔ اگلے ٹائروں کا سائز 6 سینٹی میٹر اور پچھلے ٹائروں کا سائز 8 سینٹی میٹر بڑھا دیا گیا ہے۔ گاڑی کی پچھلی طرف شارک فِن (Shark Fin) اور ٹی فِن (T-Fin) لگائے گئے ہیں تاکہ ائیر پریشر کو کنٹرول کیا جا سکے۔ گاڑی میں آئل کی مقدار کو 100 کلو گرام سے بڑھا کر 105 کلو گرام کر دیا ہے۔ الیکٹرونک موٹرز میں کائینیٹک اور تھرمل انرجی ریکوری سسٹم لگایا گیا ہے۔
گاڑی میں وی پاور (V-Power) شیل (Shell) آئل استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹریک کی مناسبت سے گاڑی میں پائریلی (Pirelli) پی زیرو ( خشک) ٹائر، یا پائیریلی سنٹوریٹ (Cinturate) گِیلے ٹائر استعمال کئے جاتے ہیں۔ فیراری نے جہاں اس نئی گاڑی میں اتنی تبدیلیاں کی ہیں وہاں اس کے کولنگ سسٹم کو حسبِ سابق برقرار رکھا ہے۔
نتائج Results
مندرجہ بالا تبدیلیوں کے بعد فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ 2017 سیزن میں فیراری SF70H کی کارگردگی مندرجہ ذیل رہی۔
فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ 2017 سیزن
فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ 2017 سیزن کی تیرہ (13) ریسز مکمل ہو چکی ہیں جن میں فیراری SF70H نے چارمرتبہ پہلی پوزیشنزحاصل کی ہیں۔ تیرہ ریسز میں دونوں ڈرائیورز نے ملکر چودہ (14) (Podium) پوزیشنز حاصل کیں اور چار مرتبہ تیز ترین لیپس بھی مکمل کئے۔
تیرہویں (13th) ریس (2017 Italian Grand Pix)
3 ستمبر 2017 اٹلی کے شہر مونزہ (Monza) میں فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ 2017 سیزن کی تہرویں (13th) ریس منعقد ہوئی جس میں مرسیڈیز کے ڈرائیور لیوس ہیملٹن (Lewis Hamilton) نے 25 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، مر سیڈیز ہی کے دوسرے ڈرائیور والٹری بوٹاس (Voltteri Bottas) نے 18 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ فیراری SF70H کے ڈرائیور سیبسٹیئن ویٹل (Sebastian Vettle) نے15 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل( (Points Table
ڈرائیورز کیٹگری
فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ 2017 سیزن کی تیرہ ریسز مکمل ہونے کے بعد اگر پوئنٹس ٹیبل کا جائزہ لیا جاۓ تو ڈرائیورز کیٹگری میں مرسیڈیز کے ڈرائیور لیوس ہیملٹن 238 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ،جبکہ فیراری SF70H کے ڈرائیور سیبسٹیئن ویٹل 235 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور مر سیڈیز ہی کے دوسرے ڈرائیور والٹری بوٹاس 197 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
کنسٹرکٹرز کیٹگری Constructors Category))
فارمولا ون 2017 سیزن کی تیرہ ریسز مکمل ہونے کے بعد کنسٹرکٹرز کیٹگری میں مرسیڈیز کمپنی 435 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ فیراری کمپنی 373 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور ریڈ بل ریسنگ ٹیگ ہیور Tag Heuer)) 212 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
اگر 2017 سیزن کے ریزلٹس کو دیکھا جاۓ تو فیراری اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوۓ نمایاں پوزیشن پر موجود ہے۔ شاید جیت کی یہی روایت فیراری سے محبت کرنے والوں میں اضافہ کرتی رہتی ہے ، شاید ہواؤں سے اِسی دوستی کی وجہ ہی سے ہواؤں میں اڑان بھرنے کی خواہش رکھنے والے فیراری کو چاہتے ہیں ، شاید اِسی برق رفتاری اور بجلی کی سی رفتار رکھنے کی وجہ سے فیراری صرف دلیروں کی سواری بنتی ہے ۔ تبھی کہا جاتا ہے کہ کسی کے دلیر ہونے کیلئے اتنی علامت کافی ہے کہ وہ فیراری ڈرائیو کرتا ہے ، اور کسی کے بزدل ہونے کیلئے اتنی نشانی کافی ہے کہ وہ فیراری میں بیٹھنے سے گھبراتا ہے ۔