موٹر سپورٹس کی تاریخ
(قسط اول)
حمزہ افتخار
انسان اپنےمزاج میں رنگ اور طبیعت میں خوشی لانےکےلئے مختلف قسم کے کھیلوں میں دلچسپی لیتا ہےاور زندگی کو ہیجان سے آزاد رکھنےکےلئےمعمول کی سرگرمیوں کے علاوہ بھی کچھ کرنا چاہتا ہے ۔ انسانی زندگی میں مختلف ارتقائی مراحل آئے جن کے دوران بہت سے علاقائی اور بین الاقوامی کھیل متعارف ہوئے۔انسان نےپہیہ جیسی ایجادات تو اپنی تہذیبی زندگی کے آغاز ہی میں کر لی تھیں ۔ لیکن جب ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم رکھا تو پہیے اور ٹیکنالوجی کے ’’لو افیئر‘‘نے موٹر سپورٹس کی تاریخ شروع کی ۔ جہاں تک کےیہ سلسلہ گاڑیاں دوڑانے اور ان کی نمائش تک جا پہنچا۔موٹر ریسنگ ایک پیشہ ورانہ آٹو موبائل کھیل ہےجودنیا بھرمیں مختلف قسم کے کچے ، پکے اور پتھریلے ، نوکیلے اور ریتیلے ٹریکس پر کھیلا جاتا ہے۔اس کھیل میں کئی اقسام کی ریسزز ہوتی ہیں جن میں گرینڈپری ریسنگ (Grand Prix racing)،سپیڈ وے ریسنگ(Speed way racing) ،اسٹاک کار ریسنگ(Stock car racing) ،سپورٹس کار ریسنگ(Sports car racing)،ڈریگ ریسنگ (Drag racing)اور آف روڈ ریسنگ(Off road racing) شامل ہیں۔
مقامی ،قومی اور بین الاقوامی حکومتی ادارے ان ریسز کی نگرانی کرتےاورگاڑیوں کو مختلف درجوں (categories) میں تقسیم کرتے ہیں۔ان اداروں میں سب سے زیادہ قابلِ ذکر اور مشہور ادارہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف آٹو موبائل(FIA) ہے۔
ابتدائی تاریخ :
1880ءمیں،پیٹرول سے چلنے والے انٹرنل کمبسچن combustion انجن کی ایجاد کے تھوڑے ہی عرصے بعد آٹو موبائل ریسنگ کی شروعات ہوئیں ۔ کیوں کہ دُنیا کو گھوڑے ، اونٹ، ہاتھی سے مختلف ایک سواری میسر آگئی تھی جو کہ کسی جاندار کی بجائے معدنی ذریعہ سے چلنے والی تھی ۔ یوں ہم کَہ سکتے ہیں کہ دُنیا ’’ہارس سے ہارس پاورتک‘‘ پہنچی ۔ جانوروں کی ریسوں کے مقابلے اپنی جگہ چلتے رہے ، اَب ایک نئی ایجاد (یعنی ہارس پاور/ انجن) کی ریس کا بھی آغاز ہوا ۔دنیا کا پہلا منظم آٹوموبائل مقابلہ 1894 میں فرانس میں منعقد ہوا ۔یہ ایک منظم ریس کے بجائے (Reliability test)ٹیسٹ تھاجس کا فاصلہ 80کلو میٹر تھا۔اس کی شروعات فرانس کے شہر پیرس سے ہوئی اور اختتام دوسرے شہر روین میں ہوا۔جیتنے والی گاڑی کی رفتار اوسطاً 16کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہےکہ آٹو موبائل صنعت کتنی ترقی کر چکی ہے۔اس ٹیسٹ کے ایک سال بعد ،1895 میں صحیح معنوں میں ریس منعقد کی گئی۔جو پیرس سے شروع ہو کرفرانس ہی کے دوسرے شہر بوریویا(Bordeaux)تک اور پھر واپس پیرس میں اختتام پذیر ہوئی۔اس ریس کا کل فاصلہ 1،178 کلو میٹر تھا اور جیتنے والی گاڑی کی اوسط رفتار 24.15 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔
امریکہ میں بھی موٹر ریسنگ کی شروعات 1895 ہی میں ہوئی۔ پہلی منظم ریس وہ تھی جس کا کل فاصلہ 87 کلو میٹر تھااور سب گاڑیوں کو ریس مکمل کرنے کےلئے شہر شکاگو(Chicago) سے ایوانسٹن(Evanston) اور پھر واپس شکاگو آنا تھا۔شروع میں امریکہ اور فرانس میں جو بھی ریسزمنعقد کی جاتی تھیں وہ مشہور و معروف میگزین کی جانب سے منعقد کی جاتی تھیں۔
یورپ میں موٹر ریسنگ کے ابتدائی دور میں مختلف شہروں کے درمیان ریس کارواج تھا۔یہ رواج 1903 میں ختم ہو گیا جب اس سال حکمرانوں نے کافی سارے حادثات پیش آنے کےبعد پیرس سے میڈرڈ (Madrid)والی ریس کو روک دیا۔اس حادثے کے بعد موٹر ریسنگ کا رجحان بند سرکٹ (Closed circuit)کی طرف ہوگیا کیونکہ یہ عام ریسز سے زیادہ محفوظ ماحول فراہم کر تھیں۔
1898 میں پہلی بندسرکٹ ریس بھی فرانس میں ہوئی جس کاکل فاصلہ ایک لیپ(Lap)پرشمار145کلومیٹرتھا۔اس کے بعد یورپ میں بندسرکٹ ریس کافی مشہور ہو گئی تھی اورریسز ز کی نگرانی آٹوموبائل کلب آف فرانس کرتا ہےجو 1895 میں قائم ہوا ۔
1900 ء تک موٹر گاڑیوں کی ٹیکنالوجی میں اتنی ترقی ہوچکی تھی کہ گاڑیاں اب ریس میں 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی اوپر چلی جایا کرتی تھیں۔لہذا اس وجہ سے ریس دیکھنے والوں،گاڑی چلانے والوں ، شائقین اور تماش بینوں کیساتھ ساتھ سڑکوں کے آس پاس کھلے میدان میں پائے جانے والےجانوروں کو کافی زیادہ خطرہ تھا۔اس ممکنہ خطرے میں اضافے کے باعث روڈ پہ ہونے والی ریسزز میں اور بھی کمی آگئی اورزیادہ رجحان سپیڈ وے ریسنگ کی طرف ہو گیا۔
سپیڈ وے ریسنگ ایک خصوصی سرکٹ پہ ہوا کرتی تھیں جن کو خاص طورآٹو موبائل ریس کے لئے تعمیر کیا جاتا ہےسپیڈ وے ریسنگ آج تک مشہور ترین آٹو موبائل ریسنگ کی ایک قسم ہے اور دنیا کا سب سے مشہور ترین سپیڈ وے ٹریک امریکا کا انڈیاناپولس موٹر سپیڈ وے(Indianapolis Motor Speedway) ہے یہ ٹریک 4کلومیٹر ہوتا ہےجس پہ ہر سال دنیا کی مشہور ترین ریسیزز میں سے ایک انڈیاناپولس 500(Indianapolis 500)ہوتی ہے جس کا آغاز 1911 میں ہوا ۔البتہ ،دنیا کا پہلا سپیڈ وے ٹریک برطانیہ کے شہر Weybridgeمیں تعمیر کردہ “Brooklands”تھا جو 1906 میں بنایا گیا تھا اور1939 میں بند کر دیا گیا۔
فرانس کی پہلی گرائنڈ پری ریس جو 1906کی لی مانز(Le Mans) میں ہوئی،اور امریکا کی پہلی انڈیاناپولس 500، ان دو مشہور ترین ریسزز کے بعد یورپ اور امریکا کی موٹر ریسنگ کی ثقافت کافی مختلف رہی۔امریکا میں زیادہ تر سپیڈ وے ریس مشہور تھی۔اس کے علاوہ امریکا میں 1939 کے بعد اسٹاک کار ریسنگ(Stock car racing) کا آغاز ہوا جو کہ شروع میں سمندر کے ساحل پہ ہوا کرتی تھی لیکن بعد میں یہ ریس بھی ٹریک کی طرف منتقل ہو گئی۔اسٹاک کار کی اہم مرکزی انتظامیہ، نیشنل ایسوسی ایشن فور سٹاکار آٹو ریسنگ تھی ،جس کو دنیا بھر میں NASCARکےنام سے بھی جانا جاتا ہے جو1947میں قائم کی گئی۔
اسٹاک کار ریسنگ (Stock car racing)کے علاوہ ڈریگ ریسنگ( Drag racing)اور سپورٹس کار ریسنگ(Sports car racing) کی مشہور ی بھی امریکا میں 1930 کے بعد سے ہوئی۔آف روڈ ریسنگ(Off road racing) کی مشہوری 1960سے ہونا شروع ہوئی۔جب مختلف ریسزز امریکا اور میکسیکو کے مغربی صحرامیں اپنی گاڑیوں کے ساتھ مقابلہ لگانا شروع ہوئے۔اسی وجہ سے آف روڈ ریسنگ کی سب سے مشہور ترین ریسوں میں سے ایک میکسیکو کے مغربی علاقےباجامیں ہونے والی باجا 500 آف روڈ ریس ہے۔
(جاری ہے)