"Robert Gordon" روبی گورڈن
توفیق الرحیم مہر
2جنوری 1969ءکوامریکہ کےشہرکیلیفورنیامیں مشہورِزمانہ اور نامورریسر"بجا بوب گورڈن"کےہاں پیداہونےوالےبچےکو دنیاآج روبی گورڈن عرف "روبی"کے نام سےجانتی ہے۔اپنےوالدکےجذبے، امیداورمشغلےکوآگےبڑھاتے ہوئےروبی نےبھی آف روڈ ریس کواپنایااورحقیقی معنوں میں بوب گورڈن کا بیٹا ہونے کا حق ادا کرتے ہوئےآف روڈ ریسز میں اپنے نام کا لوہا منوایا جن کا عالمی ریسر زمیں طوطی بولتاہے۔آف روڈ ریس میں مردوں کےنمایاں مقام کودیکھتےہوئےگورڈن خاندان کی خواتین بھی آف روڈ ریسز میں پیچھےنہیں رہیں، روبی کی بہن بیکی گورڈن بھی دنیا کی دیگرخواتین ریسرز میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔روبی کامذکورہ کھیل میں انداز شوق اس سےبخوبی واضح ہوتاہےکہ روبی کی ازدواجی زندگی بھی اس کھیل سے آزاد نہ رہ سکی ۔یہی شوق ان کی ریان ہنٹر رے سے شادی کی وجہ بنا جو کہ بذات خود ایک مایہ ناز ریسر ہیں۔
روبی گورڈن کے ریسنگ کیرٴیرکا آغاز1986ء میں "SCORE International" آف روڈ مقابلے سے ہوا، پہلامقابلہ ہی انکی زندگی کی پہلی جیت ثابت ہوا۔جس کےبعدکامیابیاں اُنکامقدرٹھہریں ۔ یوں لگاتار5سال1986ءسے1990ءتک سکور انٹرنیشنل "SCORE International" کی فتح اپنے نام کرتے رہے اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھتے رہے ۔ 1989ء اور1990 ء میں "روبی "آف روڈمقابلوں میں ایک نامورمقابلے" Mickey Thompson stadium series" کے بھی فاتح رہے- "SCORE International" میں انکی کامیابیاں یہیں تک رک نہیں گئیں بلکہ 1996ءمیں چھٹی اور 2006ء میں ساتویں مرتبہ آف روڈ چیمپئن شپ کےفاتح قرارپائے۔انہوں نےاس میدان میں دن دگنی رات چگنی ترقی کی اوریوں ریس کی دنیا میں اپنا سکہ منوایا۔
آف روڈ ریس میں اپنا لوہا منوانے کے بعدروبی نے پہلی مرتبہ2001ءمیں "Busch Series" ریس میں حصہ لیا۔ اس سیریزکی 3ریسوں میں شیورلیٹ گاڑی پرحصہ لیا جسکا نمبر 21 تھا۔اس سیریز میں شمولیت کے بعدانکی زندگی میں تجربات کے کئی نئے باب کھلےجنہوں نےانہیں مزید کامیابیوں کی جانب گامزن کیا۔
روبی نے2001ء میں پہلی مرتبہ بوسچ سیریز میں اپنی گاڑی دوڑانے کے بعد2004ء میں اپنی ذاتی" بوسچ سیریز ٹیم "متعارف کروائی ۔ جسکا نام "Robby Gorden Motorsports"رکھاجس میں25 ریسزکاانعقادکیا۔اس سیریز میں پہلی جیت روبی کو رچمنڈ میں منعقدہ ریلی پر اپنی 55 نمبرچیوی پر ملی۔2004ء سے 2010ء تک جن نامورڈرائیورز نے ریسوں میں حصہ لے کر سیریز کواعزازبخشااوراس سیریزکودنیاِمیں ریس کی کامیاب سیریز بنایاان میں پی جے جونس، ڈیوڈ گیلی لینڈ، کیون کونوے، سکوٹ ویمر، ریڈ سورینسون اور جوہننی ساوتر کے نام شامل ہیں۔اپنی کامیاب سیریز کے بعد روبی نے دیگر مقابلوں میں حصہ لیا ۔ 2005ء میں روبی نےمشہور سولہ روزہ "Dakar Rally"میں شمولیت کی جس میں موصوف"Red Bull" کی طرف سے"Volkswagen Team" میں شامل تھے اوراسی مقابلےمیں پہلےامریکی فاتح ریسرقرار پائےجنہوں نے کار ڈویژن میں اے سٹیج جیت کر مقابلہ اپنے نام کیا۔
روبی نے 2005ءکی بہت سی بوسچ ریسوں میں حصہ لیااورجیت کا تمغہ اپنےنام کےساتھ منسوب کیاجن میں سے کچھ ڈین ایرن ہارڈ ملکی ٹیم کی طرف سےتھی لیکن ان میں سے سب سے زیادہ یادگار ریس12 اگست کو واٹکنس گلن میں ہونے والی ریس تھی جس میں روبی نےاپنی نمبر7 چیوی پر کرٹ بوسچ سے آخری کچھ لیپ دروازے سے دروازہ ملا کر ریس کی لیکن بد قسمتی سے روبی کی گاڑی کیچڑ اور گھاس کی زد میں آ گئی اگرچہ وہ اپنی گاڑی سنبھالنے میں تو کامیاب ہو گئے لیکن کرٹ بوسچ سےریس جیتنے میں کامیاب نہ ہوئے۔ بوسچ نےجیت کراپنےانٹرویومیں کہاکہ یہ انکی زندگی میں بہت عمدہ ریس تھی اور انہوں نے روبی کی بہت تعریف کی جو کہ ایک یادگار ریس ہے۔
2010ء میں روبی نے"http://robbygordon.com "کے نام ایک ویب سائٹ متعارف کروائی جو کہ انکی ریس کی تصاویر اور ویڈیوز پرمشتمل ہے اوراس کے ساتھ ان تمام کلبوں کی معلومات پرمبنی ہےجن سے وہ ماضی میں منسلک رہے ہیں ۔ الیکٹرانک میڈیا میں ایک بڑی تعدادروبی کے چاہنےوالوں کی ہےجو ہمیشہ روبی سےمتعلقہ خبروں کےانتظارمیں رہتے ہیں ۔ جب ایک کثیرتعدادنےروبی کوچاہناشروع کیاتوانہوں نے ریس کے میدان سے نکل کراپناقیمتی وقت فلمی دنیا کوبھی دینا شروع کیا ۔ ان کی زندگی میں ایک نیاسفرشروع ہوااور ایک کامیاب اداکار کے طور پرابھرے اورفلمی میدان میں بھی کامیابیاں سمیٹیں اور اس طرح روبی ریسر ہونے کے ساتھ ساتھ فلمی اداکار بھی ہیں۔وہ ریسنگ پر مبنی کئی ٹی وی سیریز بھی بنا چکے ہیں جوکہ مشہور ٹی وی چینلز پر چلتی ہیں ۔
روبی ہرطرح کی تکنیک سے واقف ایک مایہ ناز ڈرائیورہےجو جیت کواپنے نام کرنا جانتا ہے۔ روبی نےکئی مرتبہ بناکھیلےہی جیت اپنے نام کی۔اگست2011ء "Bistol Race" بسٹل ریس کےبعدروبی اس پرمتفق ہوگئےکہ وہ سٹارٹ اینڈپارک "start and park" ڈرائیور ہیں اوراس طریقے کو آگےلےکرچلیں گے۔اسٹارٹ اینڈ پارک ایک ایسا انداز ہے جس سے ڈرائیورریس شروع کرتےہی گاڑی روک دیتاہےجس سےآخری پوزیشن کی انعامی رقم بھی حاصل کر لیتا ہے اورگاڑی کوریس کےدوران روڈ پر ہونے والے واقعات سےبھی بچا لیتا ہے ۔ بسٹل میں روبی نے صرف 10 لیپس مکمل کیے لیکن 85،960 ڈالر (تقریباً نوے لاکھ پاکستانی روپے ) جیت کر اپنی کامیابیوں میں اضافہ کیا۔
ریس کی دنیامیں ہرطرح کی ریس جیتنےاوران میں مہارت حاصل کرنےکےبعدانہوں نےکچھ نئی سیریزبھی متعارف کروانا شروع کردیں جنہیں نہ صرف عالمی پذیرائی ملی بلکہ نامورریس فاتحین نےان میں حصہ لے کر روبی کومزیدعزت بخشی۔ روبی نےایک ٹرافی ٹرک ریس سیریز کا آغاز کیا جسکا نام"اسٹیڈیم سپر ٹرکس" رکھا گیا- روبی نے اس سیریز کی افتتاحی تقریب پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوۓکہا کہ یہ سیریز تمام طرح کی ٹیم کے لئے یکساں ہے، جس میں ہرطرح کی ٹیم حصہ لے سکے گی اور روبی کے الفاظ جلد ہی سچ ثابت ہوئےاوریہ اسٹیڈیم سپرٹرکس نامی سیریزریسنگ کمیونٹی کاپسندیدہ مقابلہ بن گیا۔اس سیریز کا پہلا مقابلہ 2013ءمیں منظر عام پر آیا- اس مقابلے میں بہت سے نامور ڈرائیور شامل ہوئے جن میں پی جے جونس جیسا شاہکار ڈرائیور شامل تھاجس کا نام آف روڈ مقابلوں میں کسی تعارف کا محتاج نہیں۔
روبی نے2013ءمیں پہلےافتتاحی چیمپئن شپ مقابلے" The inaugural Stadium Super Truck championship" کو 7 پوائنٹس سے جیت کرسیریز کاکامیابی سےآغازکیا۔روبی نے2014ءمیں اس سیریز کا نام تبدیل کر کے سپیڈانرجی فارمولاآف روڈ رکھ دیا۔روبی اگلی چیمپئن شپ بھی اسی سال جیتےجوانہوں نے6مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے پر جیتی جس میں انہیں معروف ریسر "شلڈن کریڈ " پر 75پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔2015ء کے بعد روبی کی سیریز بین الاقوامی سطح پر کامیابی سے ہم کنارہوئیں ۔ اس کے بعد روبی نے برطانیہ میں گڈووڈ فیسٹیول آف سپیڈ میں بھی حصہ لیا۔
روبی کا ریس سے محبت کا یہ عالم تھا کہ ایک مرتبہ اپنی سپیڈ انرجی فارمولا سیریز کی ریس میں شامل 14 ستمبر 2016ءکو انہیں تقریباََ شام 5بجےخبرملی کہ انکےوالداورسوتیلی ماں شارون کی لاش انکے اورینج کاؤنٹی والےگھرسےملی ہے۔یہ خبرملتےہی روبی ایک انٹرویوکےدوران آبدیدہ ہوگئےاورانہوں نے اپنےچاہنے والوں کویقین دلوایا کہ وہ ریس مقررہ اوقات کے مطابق ہی کریں گے۔یہ انکی ریس سےلگن کامنہ بولتاثبوت تھااوراس میں انہوں نےپہلی پوزیشن حاصل کی۔روبی کی ریسنگ سےمحبّت دیکھ کرانکے16 سالہ بیٹے"میکس روبی "بھی پیچھےنہ رہ سکےاورآف روڈریسنگ کےمیدان میں اترآۓ۔میکس نے 2016ء میں اپنے والد کے ہمراہ جوبحیثیت معاون ڈرائیورساتھ تھے UTV کیٹگری میں "Blue Dessert championship" مکمل کی۔
روبی اپنی زندگی میں بہت سے مقابلوں کےفاتح رہے ہیں جن میں سے چندمندرجہ ذیل ہیں؛
7 دفعہ "SCORE" سکور بین الاقوامی چیمپئن شپ جیتے (90-1986ء،1996ءاور 2009ء)
3دفعہ"Baja 1000" باھا1000ریس جیتی (1987ء،1990ءاور2006ء)
4دفعہ " Baja 500" باھا 500 ریس جیتی (1989ء،1990ء،2005ءاور 2013ء)
9دفعہ" Dakar Rally " ڈاکار ریلی جیتی
3دفعہ " NASCAR Sprint Cup Series " ناس کار سپرنٹ کپ سیریز جیتی
کیلیفورنیامیں پیداہونےوالےروبی جنہوں نےریس اپنےوالدسےوراثت میں پائی اسی آف روڈ ریس سےوہ کل چالیس ملین امریکی ڈالر کما کر دنیا کے کامیاب ترین ڈرائیوروں میں اپنا نام و مقام رکھتے ہیں ،ساتھ ہی وہ ٹیلی ویژن کےبھی ایک کامیاب ستارے ہیں اور وہاں سےبھی کثیررقم کماچکےہیں۔
جب کبھی ہم روبی کےمشہور اقوال کا تذکرہ کریں تو انکاآف روڈ ریس کےبارے میں مشہور قول یاد آتا ہے۔
" یہ ایک انتہائی مسابقتی کھیل ہے، اور جب ہم ٹریک پرہوتے ہیں تو سب بہت پُرجوش ہوتے ہیں"۔
اسی طرح روبی ایک اور جگہ پر ریس کے شائقین کومشورہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ
"گاڑی جتنی ہلکی ہوتی ہے اتنی تیز ہوتی ہے"۔