ایڈیٹوریل
دورِ جدید میں دنیا سکڑ کر ایک گلوبل ویلیج کی حیثیت اختیار کر رہی ہے، وہیں اب دنیا کے ایسے علاقے سیاحت کیلئے مشہور ہو رہے ہیں جہاں چندعشرے قبل جانا بھی محال تھا۔ دور دراز کےصحرا،پہاڑ، پتھریلے علاقے، ریگستان اور خوبصورت ندیاں سیاحوں کی دلچسپی کا محور بن رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسے علاقوں میں مختلف کھیلوں کےانعقاد کا رُجحان بھی بڑھ رہا ہےجوشائقین کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مختلف تہذیبوں کے باسیوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور متعارف ہونے کا موقع مل رہا ہے۔
اللہ رب العزت نے پاکستان کوبے شمار قدرتی اور فطرتی خوبصورت علاقوںسے نوازا ہے۔ گھنے جنگلات ، کھلے میدان ، وسیع صحرا ، بُلند پہاڑ اور ساحلی علاقے ، دوسرے الفاظ میں یوں کہئے کہ کسی قدرتی منظر کو ذہن میں سوچئے اُس کا ایک جامع عکس اِس پاک سرزمین کے کسی گوشے سے آپ کو نمایاں ملے گا ۔ اس لئے پاک سرزمین عصرِ حاضر کی کئی کھیلوں کیلئے ایک ’’آئیڈیل‘‘کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان علاقوں میں کھیلوں کی ترقی (Promotion) سے دنیا بھر میں نہ صرف پاکستان کا ’’سافٹ امیج‘‘ نمایاں ہو گا بلکہ اس کی جمالیاتی خوبصورتی بھی اقوامِ عالم کی آنکھوں کا مرکز بنے گی۔
کھیلوں کابنیادی مقصدجہاں ایک طرف انسان میں مختلف صلاحیتوں کواجاگرکرناہوتاہےوہیں یہ انسان کوولولہ و جذبہ ، دلیری و ہمت، محنت ولگن اور حوصلہ و برداشت جیسی اعلیٰ صلاحیتوں کیساتھ ساتھ ’’سپورٹس مین شپ‘‘ کو پیدا کرتی ہیں۔ ماضی میں زیادہ تر کھیل جسمانی طاقت اور بدنی چُستی کے بل بوتے پر کھیلے جاتے تھے مگر وقت کے ساتھ ساتھ جوں جوں ہمارا طرز زندگی تبدیل ہوا ویسے ہی کھیلوں کی دنیا میں نِت نئی اقسام متعارف ہوئیں جو جسم کے ساتھ ساتھ عقل اور دماغ سے بھی اتنی ہی مشقت کرواتی ہیں ۔ ’’موٹر ریس‘‘ بھی ایک ایسا ہی کھیل ہے۔ یہ کھیل گھڑ دوڑ ہی کی ایک ترقی یافتہ شکل ہے اِسی لئے کہا جاتا ہے ’’ہارس سے ہارس پاور تک‘‘ (from horse to horse power) ۔ ایک جانب یہ گھڑ سواری اور گھڑ دوڑ جیسی پرانی اور روایتی کھیلوں کا جذبہ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے تو دوسری جانب کھلاڑیوں کیلئے ذاتی ہنر کےساتھ گاڑیوں کی تیاری اور اس کی ’’مکینیکل پرفیکشن‘‘ بھی طلب کرتی ہے جو اسے مزید دلچسپ بنا دیتی ہے۔
موٹر ریسنگ بالخصوص تیز رفتاری، کنٹرول اور مہارت طلب کرتی ہے جس کے باعث نوجوان اس جانب راغب ہوتے ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں آزمانے اور اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ماضی میں بدقسمتی سے پاکستان میں موٹر ریسنگ (خاص کر آف روڈنگ) پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں آزمانے کا خاطر خواہ موقع نہیں مل سکا جس کے سبب ان کی ایسی شاہکار صلاحیتیں جو انہیں عالمی سطح کے کھلاڑی بنا سکتی ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ ماند پڑ جاتی ہیں یا پھر ان کا منفی استعمال شروع ہو جاتا ہے جس سے معاشرے میں ہیجان کی کیفیت پیدا ہواجاتی ہے۔ یہ امر شدت سے تقاضا کرتا ہے کہ موٹر سپورٹس اور اس جیسی دیگر گیمز کی ترویج کےلئےپاکستان میں کام کیا جائے۔
موٹر ریسنگ ایک نہایت دلچسپ گیم ہےجس میں ایک مکمل ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈرائیور کی مہارت، معاون ڈرائیور کی چستی، گاڑی کی تیاری، ٹریک کی جانچ پڑتال، دوران ریس گاڑی کی مرمت کا سامان اور اس طرح کے دیگر امور کے سبب اس میں منظم ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ٹیم ورک کھلاڑیوں کو اس بات پر آمادہ کرتا ہے کہ ایک جانب وہ اپنی ذاتی صلاحیتوں کو اجاگر کریں تو دوسری جانب نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے ساتھ میدان میں اتریں۔ پاکستان میں موٹر ریسنگ /آف روڈنگ کی بہتری کیلئے بہت سے لوگ انفرادی سطح پر کام کر رہے ہیں تاہم اس کی حکومتی سرپرستی ضروری ہے اور ساتھ ہی اس شعبہ سے وابستہ تجربہ کار لوگوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہئے جو نئے آنے والے کھلاڑیوں کی مکمل رہنمائی کر سکے۔ مزید برآں اس گیم کی پروموشن عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص میں بہتری کا سبب بنے گی اور پاکستان کے نرم تشخص (Soft Image) کو اُجاگر کرے گے ۔ ماضی میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں جو مقابلے منعقد ہو چکے ہیں انہیں حکومت کی سرپرستی میں باترتیب ایک فیسٹیول کی صورت میں عالمی سطح پر متعارف کروایا جا سکتا ہے جس سے وطنِ عزیز میں سیاحت کو بھی روز افزوں فروغ ملے گا ۔
موٹر ریس(خاص کر آف روڈنگ) کےفروغ اور عوامی آگاہی کیلئے منظم طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ’’ٹیم سُلطان‘‘ اِس کھیل کے شائقین کو گرمجوش خوش دلی سے مبارکباد دیتے ہوئے یہ خوشخبری سُناتی ہے کہ یہ میگزین بھی مستقل طور پہ اسی کاوش کے طور پر شائع کیا جا رہا ہےجو اس اعصاب آزما کھیل کے فروغ ، استحکام اور ارتقا کی جانب ایک عظیم قدم ہے۔
اس میگزین میں موٹر سپورٹس سے متعلق تکنیکی معلومات کوبھی شائع کیاجائے گاتاکہ اس شعبہ میں نئے آنے والے کھلاڑیوں اور شائقین کو اس ضمن میں ضروری و دلچسپ معلومات فراہم کی جائیں ۔ ساتھ ساتھ موٹر سپورٹس کے عالمی و بین الاقوامی سٹارز سےروشناس کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ دنیا بھر میں منعقد ہونے والے موٹر سپورٹس کے مختلف مقابلوں اور نامور ڈرائیورز سےمتعلق مضامین ، عوامی تحفظ کےلئےمختلف اقدامات، ریسنگ میں حفاظتی اقدامات اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی، موٹر سپورٹس کے بارے میں مختلف سٹارز کے انٹرویوز ، گاڑیوں کے متعلق معلومات اور دیگر متعلقہ مضامین شامل کئے جاتے رہیں گے۔ امید ہے کہ موٹر سپورٹس خاص کر ’’آف روڈ ریسنگ‘‘ سے متعلقہ افراد اور شائقین کیلئےیہ میگزین دلچسپ، معلوماتی اور شوق افزا ثابت ہو گا۔ ان شاء اللہ