اِداریہ
Blog Single
اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جہاں بے شمار معدنی اور زرعی وسائل سے نوازا ہے وہیں قدرت نے بہت فیاضی سے خوبصورت علاقے ،سرسبزگھنے جنگلات ،دلکش وادیاں بلند و بالا پہاڑ،وسیع صحرا اور سمندر بھی عطا کئے ہیں جن کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی۔ ایسے خوبصورت علاقے بلا شبہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں ۔اورساری دنیا سے سیاح ان علاقوں کو دیکھنے اور حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے آتے ہیں۔ جہاں سیاحوں کی آمد ملکی زر مبادلہ میں اضافے کا سبب بنتی ہے وہیں انہی سیاحوں کے ذریعےاس ملک کا کلچر یہاں کی ثقافت اور معیشت ساری دنیا میں جانی جاتی ہے جو کہ مزید سیاحوں کی توجہ اور آمد کا باعث بنتی ہے۔ہر ملک اپنے ان علاقوں کو ساری دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے مختلف طرح کے مواقع پیدا کرتا ہے جن میں کبھی تو ان علاقوں کی تصاویر کی نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے توکبھی وہاں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئےطرح طرح کے کھیل ان علاقوں میں منعقد کرا کے سیاحوں کی توجہ مبذول کروائی جاتی ہے ۔ وطنِ عزیز پاکستان میں حکومتی اور نجی ادارے بھی اپنی اپنی سطح پر سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، جس کے لئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتاہے تاکہ پاکستان کے ان خوبصورت علاقوں کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جا سکے۔جہاں یہ پاکستان کے زرِ مبادلہ میں اضافے کا باعث ہوگا وہیں دنیا کےسامنے پاکستان کا ایک پر امن ، جدید ثقافتی اور مضبوط معاشی تصوربھی پیش کرے گا ۔گذشتہ چند برسوں میں پاکستان میں موٹر سپورٹس کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھتے ہوئے اب حکومتی اور نجی ادارے اس کوشش میں ہیں کہ پاکستان کے ان علاقوں کو جو کہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں کسی نہ کسی طرح سے موٹر سپورٹس سے منسلک کر کے جدت پیدا کی جائے تاکہ ملکی زر مبادلہ میں اضافہ کیا جاسکے اورسیاحوں کی توجہ ان علاقوں کی طرف مبذول کرا کے پاکستان کے تشخص کو دنیا کی نظر میں بہتر بنایا جا سکے۔ دُنیا بھر میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد موٹر سپورٹس کو بے تحاشا پسند کرتی ہے ، پاکستان میں اس کھیل کا پوٹینشل بھی بیحد ہے ، اس لئے اگر پاکستان میں اِس کھیل کو صحیح طریقہ سے فروغ دیا جائے اور اس نئے اگنے والے پودے کی صحیح آبیاری کی جائے تو یہ پاکستان کو کھیلوں کی دُنیا میں ایک نمایاں مقام دِلا سکتا ہے ۔
پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ