ملکِ پاکستان،شہری اورٹریفک قوانین
Blog Single

 ملکِ پاکستان،شہری اورٹریفک قوانین

کسی قوم  میں تحمل، صبر، براداشت ، مزاج ،تنظیم اور قوانین کی عملداری کا ادراک  سڑک پر موجود انسانوں سے لگایا جاسکتا ہے۔ قوم کےمہذب ہونے اور قوانین پر عمل پیرا ہونے کا اندازہ ان کے سڑک پرموجودرویوں سےکیاجاسکتاہے۔ سڑک پرہونے والی سرگرمیاں، اجتماعی سرگرمیوں میں شمار ہوتی ہیں لہذاسگنل پرموجودبےہنگم ٹریفک قوم کےغیرمنظم ہونےکاپتہ دیتی ہے۔ شا ہراہوں پر ڈرائیونگ سے پہلے قواعد و ضوابط کا جاننا ہر ایک شہری کےلئےضروری ہے۔ٹریفک قوانین کی پابندی محفوظ سفر کی ضمانت اور مہذ ب قوم کی پہچان ہے۔

ملک ِپاکستان جہاں ترقی کی راہ پرگامزن ہےوہیں آبادی میں تیزی سےاضافہ اوربالخصوص بڑے شہروں میں، بڑھتی  ہوئی ٹریفک ایک گھمبیر مسئلہ بن چکی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پرذرائع آمدورفت میں اضافے سے ٹریفک حادثات کی شرح میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔ کئی افراد ٹریفک حادثات کا شکار ہوکر اپنی قیمتی جانیں گنوابیٹھتے ہیں کچھ عارضی یامستقل معذوری کے باعث باقی  ماندہ زندگی سےلطف اندوز نہیں ہو پاتے جو خاندان اور معاشرے کے ممدومعاون ثابت ہونے کی بجائے کندھوں کا بوجھ بن جاتے ہیں۔

آمدورفت کے بڑھتےمسائل میں  ٹریفک حادثات کی وجوہات کا جائزہ لینے سے   معلوم ہوتا ہےکہ حکومتی سطح پر ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات ناگزیر ہیں۔ حادثات سےچھٹکارا پانے اور بےہنگم ٹریفک  کے مسائل سےبچنےکےلئےموجودہ حکومت کےٹریفک قوانین کو انتظامیہ سےصحیح معنوں میں نفاذکےحوالےسےاقدامات  بلاشک وشبہ قابلِ تحسین ہیں۔ ان اقدام سےحادثات میں زخمی ہونے کی شرح کم ہوگئی جس سے ہیلتھ انڈیکس میں خاطر خواہ اضافہ کےساتھ ساتھ اسپتالوں میں بیڈنہ ملنےکے بڑے مسئلہ پرقابوپانےمیں بھی مددملےگی۔ حادثات کے اسباب کا بغور مطالعہ کرنے سے  واضح ہوتا ہےکہ80 سے90فیصدٹریفک حادثات غیرمحتاط رویےکی وجہ سےرونما ہوتے ہیں، اور یہی ٹریفک کےمسائل اور حادثات کی بنیادی وجہ ہے۔ بحیثیتِ ذمہ دار شہری ہمیں قوانین پرعمل درآمدی میں مثبت رویہ اپناتے ہوئے مہذب قوم ہونے کا ثبوت دینا چاہیئے کیونکہ قوانین  کا احترام، ٹریفک کےاصولوں کا شعور اورپابندی ، مہذب قوموں کا شیوہ ہے۔

حالیہ لاہور ہائی کورٹ کاموٹرسائیکل سواروں کےلئے ہیلمنٹ کولازمی قراردینے کافیصلہ بڑاہی خوش آئند ہے۔ عدالت کےاس فیصلے سےجہاں یہ موٹرسائیکل سواروں کےتحفظ کی ضمانت دےگا وہیں لاہورجیسےگنجان آباد شہرکےلئےبالخصوص اور پنجاب کے دیگراضلاع کےلئےبالعموم کئی  مثبت تبدیلیوں کاباعث بنےگا۔ پاکستان میں ٹریفک قوانین پرعملداری سےملکِ پاکستان کی طرف سےکئےجانےوالےبین الاقوامی معاہدے، یعنی'ویانا کنونشن آن روڈ ٹریفک'(Vienna Convention on Road Traffic) کی شرائط کو پورا کرنے میں مددملےگی۔ حکومتِ پاکستان کو چاہیئے کہ ٹریفک قوانین کے اِس بین الاقوامی  معاہدے  کے تحت ملکی قانون سازی کرے اور اس سےوابستہ شرائط و ضوابط کی روشنی میں مزید اقدامات ترتیب دے ۔ بےشک ،ٹریفک قوانین سےمتعلقہ حکومت کے اقدام لائقِ تحسین اور قابلِ داد ہیں لیکن شہریوں کی سوچ اور رویوں میں بہتری لانے کی ضرورت  اسے کہیں زیادہ ہے ۔ سڑک پرموجودگی کی صورت میں جہاں قانونی فرائض ہم پر  عائد ہوتے ہیں وہیں کئی  معاشرتی  اور اخلاقی ذمہ داریاں بھی ہم سےمہذب قوم ہونے کا تقاضا کرتی ہیں ۔

پوسٹ کو شئیر کریں:

متعلقہ پوسٹ